کشمیر یوں نے بھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ عید منائی

کشمیر یوں نے بھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ عید منائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سری نگر ( اے این این )کشمیری عوام کی پاکستان کیساتھ بے لوث محبت کا ایک اور ثبوت ٗ بھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ عید منائی ٗ نوجوانوں نے سبزہلالی پرچم لہرا دیئے ٗ وادی بھر میں عیدالفطر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی ٗ نئی دہلی کے شاہی امام نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے عیدجمعرات کو منانے کا اعلان کیا تھا تاہم کشمیریوں نے بدھ کو عیدالفطر پاکستان کے ساتھ منائی ٗ عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع سری نگر کی تاریخی عیدگاہ میں منعقد ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق 40 برس بعد د عرب و عجم عجم میں عیدالفطر کی تقریب سعید ایک ساتھ روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔گوکہ نئی دلی کے شاہی امام نے بھارت میں شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے عید جمعرات کو منانے کااعلان کیا تاہم پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر بدھ کو منائی جائے گی جس پر ریاست جموں وکشمیر میں بھی بدھ کو عید منانے کا اعلان کیاگیا ۔اس سلسلہ میں وادی کی تمام مسجدوں ، خانقاہوں، عید گاہوں اورزیارت گاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ عیدالفطر کی نماز کے بعد کشمیری نوجوانوں نے پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرا دیئے ۔عید الفطر کی آمد پر وادی کے بازاروں میں پچھلے کئی دنوں سے حسب روایت کروڑوں روپے کی خرید و فروخت ہوئی اور بازاروں میں خریداروں کے بھاری رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ اس دوران ہر سال کی طرح اس بار بھی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی وجہ سے لوگوں کو دودوہاتھوں لوٹ لیا گیااور عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان چھوتی نظر آئیں۔ عید الفطر کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرینگر کے تاریخی عید گاہ میں منعقد ہوئی جس کیلئے پہلے ہی سے تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں ۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل میں نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جہاں ہزاروں فرزندان اسلام اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے ۔ اسلام آباد(اننت ناگ)، پلوامہ ،بارہمولہ ، کپوارہ ، ہندوارہ ، سوپور ، پٹن ، سونا واری ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، بڈگام ، چرار شریف ، شوپیان ،بیروہ ،ترال ،پانپور ،کولگام اوروادی کے دیگر قصبہ جات اورعلاقوں میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں علماکرام اور ائمہ مساجد عید الفطر کے سلسلے میں وعظ و تبلیغ بیان کی اور فلسفہ عید پر روشنی ڈالی ۔ عید الفطر کی تقریب کو پرامن بنانے کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ محکمہ ٹریفک نے لوگوں کو عید گاہوں اور دوسرے مقامات پر لوگوں کوآنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی انتظام کئے رکھا ۔ انتظامیہ کی طرف سے پینے کا پانی اور بجلی کا بھی معقول انتظام کیا گیا جبکہ عید کی تقریب منانے کے سلسلے میں سخت حفاظتی بندوبست کر لیا گیا ہے۔ جموں میں بھی مکہ مسجد ، ملک مارکیٹ عید گاہ، نروال بالا، سدھرا، رمضان پورہ، پلوڑہ کی عید گاہوں کے علاہ جامع مساجد میں عید سعید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔