امریکہ میں داعش کا حامی آرمی نیشنل گارڈ کا سابق رکن گرفتار

امریکہ میں داعش کا حامی آرمی نیشنل گارڈ کا سابق رکن گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی ریاست ورجینیا کے ٹاؤن سٹرلنگ میں رہنے والے ایک مسلمان شہری کو اندرون ملک دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاگیا ہے۔ وفاقی عدالت میں پیش کئے جانے والے کاغذات کے مطابق محمد بیلر جلوہ نامی سیرا لیون سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ داعش کی دہشت گرد تنظیم کو مادی تعاون فراہم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ آرمی نیشنل گارڈ کے اس سابق رکن نے انوارالاوالا کی تقریروں سے متاثر ہوکر استعفیٰ دیدیا تھا۔ ان تقریروں میں تمام مسلمانوں سے کہا گیا تھا کہ ان پر یہ فرض ہے کہ وہ عراق اور افغانستان میں امریکی موجودگی اور کارروائی کی مزاحمت کریں۔ جلوہ نے مبینہ طور پر اپنے ایک ساتھی کو بتایا تھا کہ وہ اس پیغام کو درست مانتا ہے اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بھی ایک امریکی مسلمان فوجی ندال حسن کی طرز پر دہشت گرد کارروائی کرے گا جس نے 2009ء میں ٹیکساس میں فورٹ ہوڈ کے مقام پر شوٹنگ کرکے تیرہ افراد ہلاک کردیئے تھے۔ ایف بی آئی اس کا پیچھا کرتی رہی ہے جس کے مطابق اس نے نارتھ کیرولینا کی ریاست میں شیرلیٹ کے شہر میں فروری میں اپنا مقصد پورا کرنے کیلئے ایک بندوق خریدنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ اس کے بعد تازہ واقعہ یکم جولائی کو پیش آیا جب اس نے ورجینیا کے ٹاؤن شینٹلی میں اسلحے کی ایک دکان سے خریداری کرنے کی کوشش کی۔