کراچی، منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2دہشت گرد ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر میں ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس نے جمعرات کو خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال لائی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی شناخت رحمت اللہ کے نام سے ہوگئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔