ایدھی کا سفر آخرت،نیوی کے دستوں نے مکمل اعزاز کے ساتھ جسد خاکی کو جنازہ کیلئے پہنچایا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عبدالستار ایدھی کے جست خاکی کو میٹھادر میں واقع ان کے گھر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی کیلئے روانہ کیا گیا تو بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں کے کنارے پہنچ گئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ایدھی کا جسد خاکی ان کی فاﺅنڈیشن کی ایمبولینس میں لے جایا گیا جبکہ ان کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ۔
پاک بحریہ کے سکواڈ نے انہیں مکمل اعزاز اور پروٹوکول کے ساتھ سخت سکیورٹی میں نیشنل سٹیڈیم پہنچایا۔اس موقع پر رینجرز اور پولیس کی درجنوں گاڑیاں ایدھی ایمبولینس کے ساتھ تھیں ۔قافلہ لیا ری ایکسپریس وے سے گزرتا ہوا نیشنل سٹیڈیم پہنچا ۔ اس موقع پر لوگوں کے جم غفیر نے سڑکوں کے اطراف اور گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر ان کو ہاتھ ہلا کر الوداع کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اگرچہ ایدھی کے اہلخانہ نے ایدھی کی میت کو لے جانے کیلئے کسی بھی قسم کے پروٹوکول اور سڑکیں بند کرنے سے منع کیا تھا تاہم ایدھی کی میت کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ لے جایا گیا۔
وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث نیشنل سٹیڈیم کی طرف جانے والی کچھ سڑکوں کو بھی بند کیاگیاجبکہ عین وقت پر ان کی میت کو سٹیڈیم لے جانے کیلئے مختص روٹ کو بھی تبدیل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کے ممکنہ خدشا ت سے بچا جا سکے۔