عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، صدر ممنون،وزراءاعلیٰ اور آرمی چیف سمیت ہزاروں افراد کی شرکت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رہنما مولانا عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کیساتھ ایدھی ویلیج میں سپر د خاک کر دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیو ز کے مطابق نماز جنازہ کے بعدتدفین کیلئے انکی میت کو ایدھی ویلیج سپر ہائی وے کی جانب روانہ کیا گیا جہاں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپر د خاک کر دیا گیا ہے۔ فیصل ایدھی نے والد کے جسد خاکی کو لحد میں اتارا ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نامور سماجی رہنما عبدا الستار ایدھی کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں صدر پاکستان ممنون حسین ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،چیئر مین سینٹ رضا ربانی، سینئر وزیر نثار کھوڑو، متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما فاروق ستار، پی ٹی آئی، اے این پی، پاک سر زمین پارٹی رہنماﺅں سمیت متعدد سیاسی شخصیات نے شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی نماز جنازہ میں موجود تھے۔
اس کے علاوہ نیشنل سٹیڈیم میں ہزاروں افراد نماز جنازہ میں شرکت کیلے موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلا ل اکبراور کور کمانڈر کراچی بھی شریک ہوئےجبکہ سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر نیشنل سٹیڈیم میں موجود تھے ۔ جنازے کی ادائیگی سے قبل نیشنل سٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی کی گئی ۔
عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے رینجرز ، نیوی اور پولیس کے دستوں کی نگرانی میں میٹھا در سے نیشنل سٹیڈیم لایا گیا اور انکے تابوت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔راستے میں ہزاروں افراد اپنے محسن کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے سڑکوں پر موجود تھے جن کی آنکھیں اشکبار تھیں ۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ دمولانا احمد نیازی نے پڑھائی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عبدالستار ایدھی کی وصیت کے مطابق انکی دونوں آنکھیں عطیا کر دی گئی ہیں جبکہ انکی تدفین بھی انہی کپڑوں میں کی جائیگی جو انہوں نے زیب تن کر رکھے تھے ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انکے جسد خاکی کو سلامی دی اور سلیوٹ کیا ۔ جسد خاکی اٹھتے ہیں نیشنل سٹیڈیم نعرہ تکبیر اور کلمہ شہادت کی صداؤں سے گونج اٹھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے 25 سال قبل اپنی قبر تیار کی تھی جہاں انہیں وصیت کے مطابق سپر د خاک کردیا گیا ہے ۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر بھی موجود تھے جو ایک قافلے کی صورت میں عبدالستار ایدھی کا جسد خاکی نیشنل سٹیڈیم سے لیکر ایدھی ویلج سپر ہائی وے پہنچے ۔