لاہور (این این آئی ) قومی ائیرلائن کی مالی سال برائے 16-2015 کی آڈٹ رپورٹ میں 3 ارب 9 کروڑ 39 لاکھ ہزار روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کے مالی سال برائے 16-2015 کی آڈٹ رپورٹ سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار کے تحت ادارے میں اربون روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق قومی ائیرلائن میں افرادی قوت کی بھرتی کے دوران 40 لاکھ 51 ہزار روپے کی خرد برد کی گئی، غیر قانونی طورپر ٹھیکہ دینے سے پی آئی اے کو 5 کروڑ 45 لاکھ 98 ہزار روپے کا نقصان ہوا، اس کے علاوہ ڈسپوزل کپ اور دیگر اشیا کی خریداری کیلئے غلط کنٹریکٹ دینے سے 3 کروڑ 20 لاکھ ، دہی اور دیگر اشیا کی خلاف قواعد خریداری سے تین کروڑ 21 لاکھ 31 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ قومی ائیرلائن کے لیے غیر شفاف طریقے سے اے ٹی آر طیاروں کو لیز میں لینے سے قومی خزانے کو 2 ارب 15 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
پی آئی اے کے سابق چیئرمین کے کراچی میں گھر کی خریدار کے ذریعے 27 لاکھ 60 ہزار، بھارت میں لیز کا فلیٹ لینے سے ایک کروڑ بائیس لاکھ ، غیر قانونی طورپر لیگل ایڈوائزر کی بھرتی سے 65 لاکھ 60 ہزار، سیلز ایجنٹ سے 55 لاکھ 56 ہزار روپے کے فنڈز وصول نہ کرکے ، اے ٹی آر 54 لاکھ 49 ہزار، ائیرکرافٹ کا غیر ضروری میٹریل واپس نہ کرنے سے 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بی 747-300 ائیرکرافٹ کی مرمت کرنے سے خزانے کو ایک کروڑ ایک لاکھ 38ہزار روپے ، شالیمار بلڈرز نامی کمپنی کو ٹینڈرز دینے سے 30 لاکھ 18 ہزار اور پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جناح ٹرمینل پر غلط نیلامی کرنے سے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ غیر ضروری اشیا رکھنے سے 29 لاکھ 39 ہزار اور مسافروں پر جرمانہ نہ کرنے سے بھی 29 لاکھ 39 ہزار روپے کا مالی نقصان ہوا۔