قوم نے عبدالستار ایدھی کو ’’خادم اعظم‘‘ کا خطاب دیا جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا:چودھری پرویزالٰہی

قوم نے عبدالستار ایدھی کو ’’خادم اعظم‘‘ کا خطاب دیا جو رہتی دنیا تک قائم ...
قوم نے عبدالستار ایدھی کو ’’خادم اعظم‘‘ کا خطاب دیا جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا:چودھری پرویزالٰہی

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے عبدالستار ایدھی کو ’’خادم اعظم‘‘ کا خطاب دیا ہے جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا، خطاب وہی ہوتا ہے جو قوم دے، کچھ لوگ خود ساختہ خادم اعلیٰ تو بن جاتے ہیں لیکن ان کی خدمت کوئی نہیں ہوتی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسے انسان بہت کم پیدا ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان کو بہت صلاحیتوں سے نوازا تھا، ان کی وفات پر ہر آنکھ اشک بار ہے،تمام حکومتوں کو چاہئے کہ ان کی وفات کے بعد عوامی خدمت کے اس کام میں ایدھی فاؤنڈیشن کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ میں نے 1122 سروس شروع کرتے وقت عبدالستار ایدھی سے مشاورت کی تھی اور ایک ایسی سروس قائم کی جسے عالمی اداروں نے بھی سراہا، تمام حکومتوں کو چاہئے کہ زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ایدھی صاحب کی طرح دن رات محنت کریں، جو راستہ انہوں نے دکھایا ہے اس پر نیک نیتی سے چلتے ہوئے وسائل نہ ہوتے ہوئے بھی سارے کام ہو سکتے ہیں۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ خدمت خلق کا جو کام انہوں نے شروع کیا تھا اس کی بدولت ان کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا، ایدھی فاؤنڈیشن کی بڑھ چڑھ کر خدمت کرنی چاہئے تاکہ جو کام وہ چھوڑ گئے ہیں وہ ایسے ہی جاری و ساری رہے جیسا ان کی زندگی میں تھا۔انہوں نے عبدالستار ایدھی کے لئے مغفرت کیدعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے اور عبدالستار ایدھی کے درجات کو بلند فرمائے۔

مزید :

قومی -