حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی تکمیل توانائی بحران کے خاتمہ میں مددگار ہوگی‘خلدون جاوید ملک

حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی تکمیل توانائی بحران کے خاتمہ میں مددگار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد گار ثابت ہوگی ،گیس سے چلنے والے پاور پلانٹ سے آلودگی سے پاک 760 میگا واٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جس سے پنجاب اندھیروں سے روشنیوں کی طرف گامزن ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی ،وائس چیئرمین میاں شہریار علی کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خلدون جاوید ملک نے کہا کہ 760 میگا واٹ بجلی کی فراہمی سے لوڈشیڈنگ دورانیہ میں کمی ہوگی اور انڈسٹریز کو اس کی ضروریات کے مطابق بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کاصنعتی ترقی کا ویژن بھی پورا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر توانائی پراجیکٹ کی تکمیل سے2017کے آخر تک توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہوگا اور لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔توانائی بحران کے خاتمہ سے پنجاب میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اورصوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے وافر مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے بے روزگاری جیسے اہم مسئلہ پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔

مزید :

کامرس -