انڈسٹری اور کاروباری خواتین کو ریلیف دینا وقت کی ضرورت ہے ، شازیہ سلیمان

انڈسٹری اور کاروباری خواتین کو ریلیف دینا وقت کی ضرورت ہے ، شازیہ سلیمان

لاہور(کامرس رپورٹر) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو پروان چڑھانے کے لیے انڈسٹری اور کاروباری خواتین کو ریلیف دینا وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے اقدامات اٹھانے چائیے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) انڈسٹری اور کمرشل برآمد کنندگان کو ایک جیسی مراعات دیں تاکہ معیشت کا رکا ہوا پہیہ ترقی کی پٹری پر رواں ہو سکے اور معاشی سرگرمیاں پروان چڑھ سکیں۔شازیہ سلیمان نے کہا کہ خواتین معاشرے میں اہمیت کی حامل اورہر شعبہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار شروع کر کے خواتین نہ صرف خود کو اقتصادی طور پر بااختیا کر سکتی ہیں بلکہ قومی معیشت کی ترقی میں اپنا حصہ بھی ڈال سکتی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ ہماری خواتین بے حد ذہین اور ہنر مند ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ کاروبار کے فروغ کیلئے مارکیٹنگ کے جدید طریقے اپنائیں جس میں حکومت خصوصی اقدامات اٹھائے تاکہ کاروبار کے جدید تقاضوں سے بھی آگاہی حاصل ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں میں سرمایہ کا ری اور ملازمت کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹس کو فروغ دیا جائے۔ٹیکس ریفینڈکو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبوں سے صنعتی ترقی بڑی تیزی سے رو نما ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے اورفرسود ہ انفراسٹرکچرکو ختم کر کے نئی پروڈکشن ٹیکنالوجیز کو رائج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی اور ملکی معیشت استحکام پذیر ہوگی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت انڈسٹری اور کاروباری خواتین کوخصوصی طورپر ریلیف سے ہمکنار کرے۔

مزید : کامرس