الحمد للہ ، میدان آباد ہوگئے انٹرنیشنل فٹ بالرز پاکستان پہنچ گئے

الحمد للہ ، میدان آباد ہوگئے انٹرنیشنل فٹ بالرز پاکستان پہنچ گئے

پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی واپسی کے لئے دنیا بھرکے نامور فٹ بالرز کی پاکستان آمد خوش آئند بات ہے اس سے پوری دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے پُرامن ملک ہے اور یہاں پر ہر قسم کے کھیلوں کے لئے سازگار ماحول ہے دنیائے فٹ بال کے نامور فٹ بالرز جن میں برازیل کے رونالڈینو سرفہرست ہیں کی پاکستان آمد اس لحاظ سے بھی خوشی کی بات ہے کیونکہ یہ سٹارز کھلاڑی پہلی مرتبہ کسی ایشین ملک کی سر زمین پر قدم رکھ رہے ہیں اور اس سے پاکستان میں موجود ان کھلاڑیوں کے ایک بہت بڑی تعداد میں مداحوں کے ساتھ ساتھ مقامی فٹ بالرز کو بھی ان کی آمد سے بہت فائدہ ملے گا ان سٹار فٹ بالرز نے جس طرح سے اپنے وقت میں اپنی اپنی ٹیمو ں کی جانب سے شاندار کھیل پیش کیا یہ پوری دنیا جانتی ہے ۔ پاکستان میں ان کی آمد سے طویل عرصہ تک فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا اور اس کھیل میں موجود ٹیلنٹ اور کھلاڑیوں میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگا اور پاکستان میں یہ کھیل دیگر ممالک کی طرح تیزی سے ترقی کرے گا پاکستان میں ان کے میزبانوں نے جس طرح سے ان کو بلاکر اس کھیل کی ترقی کے لئے سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ان کی کوششوں کی بھی تعریف کی جانی چاہئے یہ کھلاڑی پوری دنیا میں اس کھیل کی پہچان ہے پاکستان آمد پر ان کا جس طرح سے شاندار استقبال کیا گیا اور جس طرح سے ان کو عزت دی گئی ہے یہ ان کھلاڑیو ں کو ہمیشہ یاد رہے گی کراچی میں انہوں نے دوستانہ میچ کھیلا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ جس طرح سے وہا ں ان کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کھلاڑیوں کے کھیل سے محظوظ ہونے کے لئے عوام کا رش تھا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نہ صرف اس کھیل سے پیار کرتے ہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کے بھی بہت بڑے مداح ہیں آج یہ کھلاڑی لاہور کے فورٹریس سٹیڈیم میں اپنا جادو جگائیں گے اور دوستانہ میچ کھیلیں گے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں میچ کے لئے ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں جس کے لئے مختلف قیمتیں مقرر کی گئیں ہے وی وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت تیس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اس کے علاوہ پانچ کیٹگریز میں ٹکٹوں کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے ساڑھے بارہ ہزار سے شروع ہوکر دو ہزار تک قیمت مقرر کی گئی ہے اس کے باوجود شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد ان ٹکٹوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے اس نمائشی میچ کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہے اور ان ہیروز کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ ہمیں ان سے بہت پیار ہے یقینی طور پر پاکستان میں ان کی آمد کھیل کی ترقی کے لئے بہت کارآمد ثابت ہوگی اور اس طرح سے پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی واپسی کے لئے بھی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں برازیل کے رونالڈینہو، رابرٹو کارلوس، رابرٹ پائرز، فرانسس نکولس اینلکا، پرتگال کے لوئس بوا مورٹے، ہالینڈ کے جارج بوتنگ، انگلینڈ کے ڈیوڈ جیمز اور رائن گگز شامل ہیں۔ان میچوں میں ایک ٹیم سات کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ ایک ٹیم رونالڈینہو جبکہ دوسری ٹیم رائن گگز کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستانی فٹ بالرز بھی حصہ لیں گے جن کا انتخاب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے میچوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔غیر ملکی فٹ بالرز کی پاکستان آمد پر مقامی فٹ بالرز اور فٹ بال کلب عہدے داران بھی بہت خوش ہیں اور پاکستان کے لئے اس کو ایک بہت بڑا اعزاز قرار دے رہے ہیں پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہورہا ہے جب دنیا بھر کے ایسے نامور فٹ بالرز پاکستان کی سر زمین پر قدم رکھ رہے ہیں اس لحاظ سے یہ ایک بہت خوش آئند بات ہے اگر پاکستان کی فٹ بال ٹیم کی بات کی جائے تو وہ دنیائے فٹ بال میں بہت پیچھے ہے اور اس کے لئے بھی بہت حوصلہ مند بات ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں سے مستقبل میں عمدہ کھیل کے حوالے سے حوصلہ و ہمت سیکھیں گے۔ پاکستان کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس طرح سے کرکٹ کو فروغ دیا جاتا ہے او ر غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آتے ہیں اس طرح اب غیر ملکی فٹ بالرز کی آمد کا سلسلہ بھی خوش آئند ہے اور اس طرح سے ملک میں موجود ٹیلنٹ کو اس کھیل سے منسلک ہونے اور آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے گا یقینی طور پر جس طرح سے پاکستان آمد پر ان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہاگیا ہے یہ کھلاڑی ہمارا استقبال ہمیشہ یاد رکھیں گے اور جو پیار ان کو پاکستانی عوام نے دیا ہے اس سے یقینی طور پر ا ن کا دوبارہ پاکستان آنے کادل کرے گا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق فٹ بالر اور ماڈل ٹاؤن فٹ بال کلب کے رو ح روا ں میاں رضوان علی جوایک طویل عرصہ سے ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کو منظر عام پر لانے کے لئے خدمات سر انجا م دے رہے ہیں اور ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بے پناہ محنت میں مصروف ہیں اس حوالے سے انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی فٹ بالرز کی پاکستان آمد ایک غیر معمولی کام ہے اور یہ ہماری ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور اس کے لئے منتظمین کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ اب اس طرح سے مستقبل میں بھی جاری رہے گا پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کو ان کھلاڑیوں کی آمد سے بہت فائدہ حاصل ہوگا اور ان میں اس کھیل میں مزید جو ش و جذبہ بڑھے گا اور جس طرح سے پاکستانی قوم ان کھلاڑیوں کی آمد سے خوش ہے یہ اس با ت کا ثبوت ہے کہ مستقبل میں اب غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ اسی طرح سے جاری رہے گا او ر پاکستان کی فٹ بال ٹیم کو بھی اس سے حوصلہ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس کے یقینی طور پر مستقبل میں بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور یہ غیرملکی کھلاڑی جب یہاں سے جائیں گے اور وہا ں جاکر اس دورہ کا ذکر کریں گے تو اس سے ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی واپسی کے لئے مدد ملے گی۔

مزید : ایڈیشن 2