قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ون ڈے میچز کی سنچری مکمل

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ون ڈے میچز کی سنچری مکمل
 قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ون ڈے میچز کی سنچری مکمل

  


 لیسسٹر(مانیٹرنگ ڈیسک)ثنا میر خواتین کی کرکٹ کی دنیا میں ایسی 29ویں کھلاڑی ہیں جنھوں نے ایک سو ون ڈے میچز کھیلے پاکستانی ٹیم کی کپتان ثنا میر پاکستان کی ویمن کرکٹ کی تاریخ کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں جنھیں ایک سو ایک روزہ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔انھوں نے اپنا سواں ایک روزہ میچ ٹوئٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا ہے۔اس موقعے پر بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں ثنا میر کا کہنا تھا کہ 'جب کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو سال میں صرف چار انٹرنیشنل میچ کھیلنے کو ملتے تھے۔ اس لیے کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ یہاں تک پہنچ جاؤں گی۔ثنا نے کرکٹ کا آغاز دو ہزار پانچ میں 19 برس کی عمر میں کیا۔ اس وقت لڑکیاں ملکی یا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی نہ ہونے کے برابر تھیں۔ثنا میر نے اب تک اپنے ون ڈے اٹرنشینل کیریئر میں 17 رنز کی اوسط سے 1306 بنائے ہیں اور ان بہترین سکور 52 رنز ہے جبکہ وہ 109 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔ ان کی بہترین بولنگ وہ تھی جب انھوں نے 32 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔کپتان کے طور پر ثنا میر ویمن کرکٹ میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی پانچویں کھلاڑی ہیں۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے کل 69 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 26 جیتے اور 42 ہارے۔ثنا میر نے بتایا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ایک ماہ کی چھٹی پر جا رہی ہیں تا کہ وہ اپنے مستقبل کے اہم فیصلے کر سکیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی