اہم شاہراؤں ، بازاروں اور گلی محلوں میں تجاوزات کی بھرمار ، انتظامیہ بے بس

اہم شاہراؤں ، بازاروں اور گلی محلوں میں تجاوزات کی بھرمار ، انتظامیہ بے بس

لاہور(جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کی بھرمار ،سڑکیں،بازار اور گلیاں سکڑ گئیں،سروس روڈز پر ریڑھی والوں نے اپنی اجارہ داری قائم کر لی،بازاروں کے اندر بازار قائم ہونے سے صارفین کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات مافیا نے یلغار کر رکھی ہے،فٹ پاتھوں،سروس روڈز،بازاروں میں ہر طرف تجاوزات کی بھرمار ہے بتایا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وجودمیں آنے کے بعد شہر میں تجاوزات کے خاتمے کا ٹاسک ٹاؤنوں کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کے میونسپل آفیسر ریگولیشن کو بھی دیا گیا ہے مگر دونوں تجاوزات کے خاتمے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں،ہر ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کیلئے ٹاؤن آفیسر ریگو لیشن سمیت پورے پورے سکواڈ موجود ہیں لیکن شہر میں تجاوزات کے حالات دیکھ کر ایسے لگتا ہے جیسے ٹاؤن افسروں نے تجاوزاتیوں کو بازار ،سڑکیں،سروس روڈ،چوک اور فٹ پاتھ کرایہ پر دے رکھے ہیں اگر شہر کی صورتحال کاجائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ تجاوزات راوی ٹاؤن کی حدود میں جی ٹی روڈ غلہ منڈی کے علاقے میں ہیں پورا جی ٹی روڈ ریڑھی والو ں کے قبضے میں ہے ،اسی طرح پورا اندرون شہر ،بادامی باغ تجاوزات کے نرغے میں ہے،یہ وہ بد قسمت ٹاؤن ہے جہاں ٹی ایم او ملک ابرار کئی سالوں سے تعینات ہے اور اس نے پورا ٹاؤن ہی تجاوزات کیلئے ٹھیکے پر دے رکھا ہے دوسرے نمبر پر گلبرگ ٹاؤن جہاں مغلپورہ چوک سے لیکر گلبرگ کے تینوں بلاک لبرٹی،فردوس مارکیٹ اور برکت مارکیٹ ،گارڈن ٹاؤن اور قذافی سٹیڈیم کے گردو نواح تجاوزات سے بھرے پڑے ہیں یہاں پیدل چلنا بھی مشکل ہے،شہر میں تجاوزات کے حوالے سے تیسرا نمبر نشتر ٹاؤن کا ہے جہاں تجاوزات کا باوا آدم ہی نرالا ہے کوئی سڑک اور بازار ایسا نہیں جہاں تجاوزات نہ ہوں ماڈل ٹاؤن لنک روڈ تجاوزات کی سب سے بڑی منڈی ہے،لیاقت آباد،مین بازار،فیروز پورروڈ ،قینچی،چونگی امرسدھو میں اس قدر تجاوزات ہیں کہ پیدل چلنا ناممکن ہے سروس روڈ ز مکمل طور پر تجاوزات کی نرسریاں بن چکی ہیں ۔اسی طر ح داتا گنج بخش ٹاؤن کے علاقے بھی تجاوزات ختم کرانے والوں کا منہ چڑا رہے ہیں جہاں داتا دربار کا قرب و جوار ،پیر مکی،بلال گنج،مرضی پورہ،قصور پورہ،کریم پارک،امین پارک ، بند روڈ،ہال روڈ،لکشمی چوک،میکلوڈ روڈ ، آسٹریلیا بلڈنگ چوک اور ریلوے سٹیشن کے فرنٹ سمیت گڑھی شاہو،منٹگمری روڈ میں بھی ہر طرف تجاوزات کا سیلا ب ہے،شالیمار ٹاؤن،واہگہ ٹاؤن،عزیز بھٹی ٹاؤن،سمن آباد ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن میں بھی 98فیصد علاقوں میں تجاوزات میں اضافہ ہو چکا ہے ،ان علاقوں میں عملہ کبھی کبھار آپریشن کیلئے آتا ہے اور اس سے قبل ہی تجاوزاتیوں کو اطلاع دے دی جاتی ہے اور وہ وقتی طور پر ادھر ادھر ہو جاتے ہیں۔اس حوالے سے لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کا ذمہ دار میونسپل آفیسرعلی بخاری ہے جس کے ذمے روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف 9ٹاؤنوں میں آپریشن کرانا ہے اگر آپریشن نہیں ہو رہا تو متعلقہ افسر اس کی ٹیم کو نوٹس دیں گے کہ ایسا کیو ں نہیں کیا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کیلئے 2شفٹوں میں کام شروع کر ینگے تاکہ لاہور صاف ہو سکے

مزید : میٹروپولیٹن 1