واپڈا ٹاؤن میں حساس ادارہ کے اعلیٰ افسر کے گھر لاکھوں کی نقب زنی

واپڈا ٹاؤن میں حساس ادارہ کے اعلیٰ افسر کے گھر لاکھوں کی نقب زنی

لاہور( خبرنگار) ستوکتلہ کے علاقہ واپڈا ٹاؤن میں حساس ادارہ کے اعلیٰ افسر کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ واپڈا ٹاؤن میں رہائش پذیر حساس ادارے کے حاضر سروس اعلیٰ افسر خالد محمود اپنی فیملی کے ہمراہ گھر میں گزشتہ رات سو رہے تھے کہ نقب زن گھر کے کنڈے توڑ کر داخل ہوگئے اور لاکھوں مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر بڑے آرام سے فرار ہو گئے۔ حاضر سروس افسر کے گھر کے ایک فرد کی اچانک آنکھ کھلی تو گھر کا سامان اُلٹ پلٹ تھا جس پر انہیں واردات کا شک ہوا۔ رات گئے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن سمیت ایس پی ماڈل ٹاؤن موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرانزیک لیب اورکرائم سین کی گاڑیوں کی مدد سے ہونے والی واردات کے کرائم سین کو محفوظ کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے رات گئے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ واقعہ کی فوٹیج ، فرانزک لیب اور لاہور پولیس کی کرائم سین کی گاڑی کے ذریعے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے اور باقی حالات و واقعات میں گھریلو ملاز مین سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے ، واردات کا مقدمہ بھی درج کرلیاہے۔ ایس پی سی آئی اے سمیت ایس پی انوسٹی گیشن اور ڈی ایس پی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پر مشتمل تین ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

نقب زنی

مزید : علاقائی