بیرونی طاقتوں کو پاکستان کی ایٹمی طاقت اور ایشین ٹائیگر بننا گوارا نہیں، ندیم کامران

بیرونی طاقتوں کو پاکستان کی ایٹمی طاقت اور ایشین ٹائیگر بننا گوارا نہیں، ...

لاہور (پ ر) قیام پاکستان کیلئے مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی قیادت میں جان ومال کی لازوال قربانیاں پیش کیں ۔آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ اسلام کے نام پر قائم ہونیوالے اس ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ، یہ تاقیامت شاد و آباد رہے گا اور دنیا کی کوئی طاقت اسے زیر نہیں کر سکتی ہے۔بیرونی طاقتوں کو پاکستان کی ایٹمی طاقت اور ایشین ٹائیگر بننا گوارا نہیں اور وہ مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد کے دوران کیا۔

۔اس موقع پر تحریک پاکستان کے کارکن ونظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سیکرٹری شاہد رشید، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان ، نظریۂ پاکستان فورم مدینہ منورہ کے صدر ڈاکٹر خالد عباس اور بیگم فوزیہ چیمہ بھی موجود تھے۔

اس نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا ۔’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ کا ماٹو رکھنے والے اس نظریاتی سمر سکول میں 6سے 13سال کی عمر کے طلبا ء و طالبات کوایک ماہ تک اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل اساتذہ کی زیر نگرانی نظریۂ پاکستان سے ہم آہنگ نصاب اور نہایت دلچسپ و عام فہم انداز میں ذہنی وجسمانی نشوونماکے مواقع فراہم کیے گئے ۔پروگرام کے باقاعدہ آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐ‘قومی ترانہ اورکلام اقبالؒ پیش کیا۔عبداللہ نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ۔ کنزیٰ فاطمہ نے بارگاہ رسالت مابؐ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا ۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض قندیل ظہیرنے انجام دیئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4