’’گیم ازاوور‘‘حکمران چاہتے ہیں شہید جمہوریت کہلائیں لیکسن ایسا نہیں ہو گا:اپوزیشن

’’گیم ازاوور‘‘حکمران چاہتے ہیں شہید جمہوریت کہلائیں لیکسن ایسا نہیں ہو ...

راولپنڈی/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ’’گیم از اوور‘‘حکمران چاہتے ہیں شہید جمہوریت کہلائیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کے بعد شریف خاندان پر ’’مسترد‘‘ کا ٹھپہ دیکھ رہاہوں جبکہ نواز شریف قدرت کی طرف سے ایسے فیصلے کرنے جارہے ہیں جن میں ان کااپنا نقصان ہوگا۔شیخ رشید نے کہا کہ قطری ان کے ہاتھ نہیں لگا یہ لوگ بری طرح پھنس گئے اورمسلم لیگ ن کی 4 سے 6 ہفتے کی زندگی ہے جبکہ حکومتی وزرا نے اعتراف کر لیا کہ ’’گیم از اوور‘‘۔میں نے سنا ہے 44 لوگوں نے ایک الگ گروہ بنانے کی تیار ی کرلی ہے، لگتا ہے پرچہ آوٹ ہوا ہے اور ان کو اپنے مستقبل کا پتہ چل گیا۔انہوں نے کہاکہ حکمران جو کررہے ہیں سب ٹوپی ڈرامہ ہے جبکہ شریف خاندان کی جانب سے پیش کئے گئے کاغذات بھی جعلی ہیں۔ دوسری جانب وزراء کی پریس کانفرنس ایسی ہے جیسے ’’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘‘ہے کیونکہ میں ان کو کمرہ عدالت سے بھاگتے ہوئے دیکھ رہا ہوں،حکومتی وزرا چاہتے ہیں کہ جمہوریت کے شہید کہلائیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے جس جے آئی ٹی کو تشکیل دیا ہے وہ کل تک ختم ہوجائے گی جبکہ سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا، یہی نہیں سب کچھ عوام کے سامنے آئے گا،ہم مدعی ہیں ہمیں بھی کاپی ملے گی۔ا نہوں نے کہا کہ محمد زبیر گورنر ہاؤس سے میڈیا سیل چلا رہے ہیں اور انہوں نے میڈیا سیل میں 34 افراد بھرتی کیے ہیں ۔پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قطری شہزادے کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری تھی جبکہ لیگی وزرا نے پریس کانفرنس میں بتا دیاکہ ان کے ہاتھ پاوں پھول گئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی وزرا نے پریس کانفرنس میں اپنے پول کھول دیے ہیں اور اب یہ لوگ بھاگنا چاہ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ حکومت اور ان کے وزرا سیاسی شہید بننے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے لیکن و فاقی وزرا نے پریس کانفرنس کے دورا ن اپنا رونا رویا اور سپریم کورٹ پر حملہ کیاحالانکہ میں سوچ رہا تھاکہ وزراء برہان وانی کی شہادت پر پریس کانفرنس کریں گے لیکن اس میں شہید کاکوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہاہے کہ پاناما کیس میں نواز شریف کا گواہ قطری شہزادہ ہے،جس کو پاکستان میں لانابھی ان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کیس میں ان کو ان کی یقینی شکست نظر آرہی ہے،جس کی وجہ سے یہ اس کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ دوسرے مسلم لیگیوں کو بھی ڈبو دیں گے۔نواز شریف اور ان کے بچے پاکستان اور سپریم کورٹ کیلئے خطرہ ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق جس کی گواہی یہ لوگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،اس کا اپنا نام پاناماپیپرز میں ہے۔حکومتی نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان سے پہلے ہی کہاتھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اردو ترجمہ کر والیں کیونکہ آپ کو انگریزی کی سمجھ نہیں آئے گی۔فواد چودھری نے مزید کہاکہ ہم شروع دن سے ہی کہ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔

اپوزیشن

مزید : صفحہ اول