مال مقدمہ زمین کھا گئی یا آسمان ؟ ہرصورت پیش کیا جائے:ڈرگ کورٹ کا حکم

مال مقدمہ زمین کھا گئی یا آسمان ؟ ہرصورت پیش کیا جائے:ڈرگ کورٹ کا حکم

لاہور(نامہ نگار)ڈرگ کورٹ کا جعلی ادویات کے کیس کا مال مقدمہ پراسرار طور پر غائب ہونے پرسخت برہمی کا اظہار ، مال مقدمہ زمین کھا گئی یا آسمان ؟مال مقدمہ ہر حال میں پیش کیا جائے بصورت دیگرکارروائی ہو گئی،فاضل جج نے انتہائی سخت ریمارکس دیتے ہوئے فوری چیف ڈرگ انسپکٹر کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے 21جولائی کو رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ کورٹ میں نشترکالونی پولیس نے محمد نامی شخص کیخلاف جعلی ادویات فروخت کرنے کے الزام میں چالان پیش کررکھا ہے چالان ایک سال پہلے درج ہوا ،اس چالان کے عدالت میں پیش ہونے پر فاضل جج نے سماعت کی اور عدالت ہر تاریخ پر مال مقدمہ طلب کرتی رہی لیکن نہ پیش کیا گیا جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تھانہ نشترکالونی کے تفتیشی آفیسر اور متعلقہ ڈرگ انسپکٹرکو طلب کیا ،دونوں نے عدالت میں مال مقدمے سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے پر ذمے داری ڈال دی ،اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا مال مقدمہ زمین کھا گئی یا آسمان مال مقدمہ ہر حال میں پیش کیا جائے بصورت دیگر کارروائی ہو گی، عدالت نے فوری طور پر چیف ڈرگ انسپکٹر کو طلب کرکے اسے انکوائری آفیسر مقرر کردیا اور تفتیشی آفیسر کو حکم دیا کہ اکیس جولائی کو رپورٹ پیش کی جائے ،عدالت نے کیس مزید سماعت بھی 21جولائی تک ملتوی کردی۔

مزید : صفحہ آخر