پانامہ کیس دلچسپ ہو گیا کرپشن دفن ہو جائے گی

پانامہ کیس دلچسپ ہو گیا کرپشن دفن ہو جائے گی

رحیم یار خان،صادق آباد (بیورونیوز،تحصیل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وسابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پوری قوم اور عالمی نشریاتی ادارے پانامہ لیکس میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو ملزم قرار دے چکے ہیں‘ عالمی سطح پر پانامہ دلچسپ کیس ہے جس میں پہلی مرتبہ وزیراعظم اور اس کی فیملی بطور ملزم انکوائری میں پیشیاں بھگت رہے ہیں‘ ملکی اور عالمی میڈیا کی نگاہیں اور پاکستان کا بہتر مستقبل سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے۔ اگلا ہفتہ اہم ترین ہے ملک سے کرپشن‘ لوٹ مار اور اقربا پروری کی سیاست دفن ہونے جا رہی ہے‘ ہاؤس جمالدین والی میں پارٹی عہدیداروں اور راہنماؤں سے مشاورتی اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ لیگی دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑے گئے گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارتی کی قیادت کو جلسے تک نہ کرنے دیئے گئے۔ شریف برادران نے بجلی بحران پر سیاست اور ڈرامہ بازی کرتے ہوئے عوام کی ہمدردیاں اور آر اوز کی مہربانیوں سے الیکشن جیتا۔ عمران خان کی غیر سنجیدہ سیاست نے پی ٹی آئی کو شدید نقصان پہنچایا ہے دوسری جماعتوں کے ٹھکرائے سیاستدانوں کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کی بجائے عمران خان عوام پر بھروسہ کرتے تو شاید ان کے سیاسی قد میں اضافہ ہوتا۔ آج دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں حکومت بنائے گی۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک صوبے سے جبکہ پیپلز پارتی چاروں صوبوں میں بھرپور الیکشن لڑے گی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے مخدوم مرتضیٰ محمود‘ سردار حبیب الرحمن خان گوپانگ‘ پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری جاوید اقبال وڑائچ‘ سٹی صدر صفدر کانجو‘ ممبران ضلع کونسل جام شمس الدین کلر‘ چوہدری وقار سندھو‘ میاں مسعود صادق‘ مسعود اشرف گیلانی‘ سردار ہارون خان مزاری‘ سید کبیر شاہ‘ راجہ سولنگی کونسلر‘ جام مختار احمد‘ جام کبیر انڑ بھی موجود تھے۔ہم اقتدار کیلئے نہیں عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں 2018 کا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے ایک نیا سورج طلوع ہوگا پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک و قوم اور حقیقی جموریت کیلئے جنگ لڑی ہے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر