میڈیا ہاؤسز حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 5اگست تک ملتوی

میڈیا ہاؤسز حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 5اگست تک ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت نے میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت جج کی رخصت کے باعث بغیرکارروائی کے 5اگست تک ملتوی کردی ہے۔ہفتہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں 22 اگست کی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، قمر منصور اور رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم جج کی رخصت کے باعث بغیرکارروائی کے سماعت 5 اگست تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ تمام ملزمان کے خلاف کراچی کے آرٹلری میدان تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں جب کہ فاروق ستار سمیت دیگر ملزمان نے کیس میں ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ پیپلزپارٹی کرپشن سے کمایا ہوا پیسہ پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب پر لگارہی ہے لیکن اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ نون لیگ کا پتہ نہیں کس سے قربتیں بڑھ رہی ہیں کس سے دوریاں بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہرکام آئین اور قانون کے تابع ہونا چاہئے لیکن پیپلزپارٹی نے سندھ میں نیب کا قانون ختم کرکے ریاست کے اندر ریاست بنانے کی کوشش کی ہے، ہم پیپلزپارٹی کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔فاروق ستارنے کہاکہ کراچی کے پی ایس 114 میں تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں اور اس حلقے سے ایم کیوایم پاکستان ہی سرخرو ہوگی جس کے بعد ثابت ہوجائے گا کہ ہماری جماعت علاقائی نہیں بلکہ قومی جماعت ہے۔ آفاق احمد کے بیان سے اردو بولنے والوں میں ایک مثبت تاثر ابھرے گا۔ یہ سوچ پنپ رہی ہے کہ آپس میں لڑنے کے بجائے ایک پیچ پر ہو کر کام کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو 2018 کے انتخابات میں بھی کراچی سے کچھ نہیں ملے گاعوام سے پیسہ لوٹ کرانتخابات لڑنا پیپلزپارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو راجواڑے بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔نو جولائی مخالفین کیلئے یوم احتساب ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں میں ڈپٹی میئر اور تمام چیئرمینز نے محدود اختیارات میں عوام کی خدمات سر انجام دیں۔ یہ کام واٹر بورڈ کا ہے اور واٹر بورڈ کا محکمہ پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ اس ساری صورتحال میں وزیر بلدیات جام خان شورو کہیں نظر نہیں آئے۔فاروق ستار نے کہاکہ اشتعال انگیز تقریر کے تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہر تاریخ پر عدالت پہنچ جاتے ہیں۔اس موقع پرایم کیوایم کے رہنما عبدالرؤف صدیقی نے دعوی کیا کہ پی ایس ایک سو چودہ سے اکثریت سے جیت کرمخالفین کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے۔