چارسدہ :امیر آباد میں نامعلوم ڈاکوؤں کی مسافر کوچ پر فائرنگ ،ڈرائیور زخمی

چارسدہ :امیر آباد میں نامعلوم ڈاکوؤں کی مسافر کوچ پر فائرنگ ،ڈرائیور زخمی

چارسدہ (بیورو رپورٹ) امیر آباد میں نامعلوم ڈاکوؤں کا مسافر فلائنگ کوچ پر فائرنگ ۔ فائرنگ سے گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں ڈوب گئی ۔ڈرائیور زخمی ۔ پولیس اور ریسکیو ا دارے پانچ گھنٹے تک واقعہ سے بے خبر رہے ۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں اور گاڑی کو نہر سے نکالا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ خانمائی کے حدود امیر آباد روڈ پر جمعہ اور ہفتہ کے درمیانی شب ڈھائی بجے نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے امیر آباد روڈ پر سڑک پر رکاوٹیں ڈا ل کر متنی سے سخاکوٹ جانیوالے مسافر فلائنگ کوچ کو روکنے کی کو شش کی ۔ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیکر گاڑی کو ریورس گیر میں ڈال کر گاڑی کو بھگانے کی کو شش کی جس پر ڈاکوؤں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ شدید فائرنگ کی وجہ سے ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور شاہین زخمی ہو گئے ۔ فائرنگ کی آواز پر اہل علاقہ جاگ گئے اور فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ کر امدادی سر گرمیاں شروع کرکے مسافروں کو گاڑی سے نکا لا جبکہ زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کیا ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پانچ گھنٹے گزر نے کے باوجود مقامی پولیس اور ریسکیو ادارے واقعہ سے بے خبر رہے ۔ متاثرہ مسافروں نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے ریاستی اداروں کی کارکر دگی پر شدید تنقید کی اور اہل علاقہ کے کر دار کو سراہا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر