پاک بحریہ اور دفاعی خود مختاری کی ترجیحات

پاک بحریہ اور دفاعی خود مختاری کی ترجیحات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ مسلح افواج، پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے کی صلاحیت رکھتی ہیں، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 18 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے کوشاں ہے، قومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خود مختاری ہماری ترجیحات ہیں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی ترجیحات کو بھرپور انداز سے واضح کیا ہے اور ایک بار پھر پاکستان دشمن قوتوں کو خبردار کیا ہے کہ پاک وطن کو درپیش خطرات کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا ثبوت پاک بحریہ پہلے بھی فراہم کرتی رہی ہے۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ کہنا کہ امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے، بالکل درست ہے، گزشتہ چالیس برسوں کے دوران پاک بحریہ کی قوت میں بہت اضافہ ہوچکا ہے، جدید بحری جہازوں کے ساتھ ساتھ آب دوزوں کی کھیپ بھی موجود ہے، سمندر سے مار کرنے والے جدید میزائل پروگرام سے بھی ہماری بحریہ بہت مضبوط ہوچکی ہے، جدید لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے، اس سلسلے میں ہمارے عظیم دوست ملک چین اور دیگر ممالک کے تعاون سے پاک بحریہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوزیشن میں ہے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر یہ بتایا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے بحر ہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے نہ صرف بحری خطرات کم ہوں گے، سمندری حدود میں دہشت گردی، قذاقی اور سمگلنگ کی روک تھام بھی ہوسکے گی۔ میری ٹائم پٹرولنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ نہایت احسن اور اطمینان بخش اقدام ہے، اس سے پاک بحریہ کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ملتا ہے اور آنے والے وقت میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے کے بارے میں دشمن قوتوں کو دس بار سوچنا ہوگا، اس پروگرام پر پوری طرح عمل درآمد سے پاک بحریہ کو خطے میں اولیت اور سبقت حاصل رہے گی، دفاعی پوزیشن کی مضبوطی سے دشمن قوتوں کو کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھانے کی جرأت نہیں ہوگی۔ ہماری مسلح افواج بلاشبہ امن و استحکام، قومی مفادات کے تحفظ اور دفاعی خود مختاری کی ضامن ہیں، اور اس پر قوم فخر کرنے میں حق بجانب ہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -