مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے سفارتخانوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں ، کارپٹ ایسوسی ایشن

مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے سفارتخانوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں ، کارپٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کیلئے بیرون ممالک مارکیٹیں تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے سفارتخانے مرکزی کردارادا کر سکتے ہیں ،تجارتی پالیسی میں کمرشل اتاشیوں کیلئے اہداف کا تعین کرکے ان سے رپورٹ طلب کرنے کو لازمی قرار دیا جائے ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی انتہائی مثبت کردار ادا کر رہی ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک نے کارپٹ انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مشکلات ، رواں سال اکتوبرمیں منعقدہونے والی عالمی نمائش سے متعلق گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین قمر ضیاء ،کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان ،ممبر ایگزیکٹو ریاض احمد، سینئر ممبر ملک اکبر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ لطیف ملک نے کہا کہ انڈسٹری کیلئے حالات ساز گار نہیں لیکن اس کے باوجود مثبت سوچ کے ساتھ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اگر پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی کرنی ہے تو اس کیلئے ایکسپورٹرز کو درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنا ہوگا ۔پاکستانی مصنوعات کی بیرون ممالک مارکیٹنگ نا گزیر ہے اس کے لئے سفارتخانوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں اور خصوصی طور پر کمرشل اتاشیوں کو اہداف دئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد اکتوبر میں منعقدہ عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور یہ نمائش انڈسٹری کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی ۔ ملاقات میں ممبر ایگزیکٹو ریاض احمد نے شرکاء کو نمائش کی تیاریوں اور غیر ملکی خریداروں اور مندوبین سے رابطو ں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔

مزید :

کامرس -