روپے کی کمزوری سے پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے‘سمال چیمبر

روپے کی کمزوری سے پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے‘سمال چیمبر

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ روپے کی کمزوری ،توانائی کی قیمتوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے درامدی اور پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے جس سے ملک بھر میں مہنگائی بے قابو اور عوام بے حال ہو گئے ہیں۔منافع خور عناصر موجودہ صورتحال کی وجہ سے قیمتوں میں ناجائز منافع کما رہے ہیں جن کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی معجزے کا دعویٰ کرنے والے ملک کو دیوالیہ پن کی دہلیز پر چھوڑ گئے ہیں۔مصنوعی ترقی کا بھانڈا بیچ چوراہے پر پھوٹ گیا ہے۔تجارتی خسارہ پر قابو پانے کی تمام کوششیں ناکام گئی ہیں جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تشویشناک اضافہ نے غریب اور سفید پوش طبقہ کی کمر توڑ ڈالی ہے ۔حکومت غریب عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ملک بھر میں مزید یوٹیلیٹی سٹور کھولے جہاں غیر معیاری چیزیں بیچنے کے بجائے معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کی جائیں۔نجی شعبہ میں ملک بھر میں ڈسکاؤنٹ سٹورز کا جال بچھانے پر بھی غور کیا جائے تاکہ عوام کو بے رحم مہنگائی سے بچایا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ غیر ضروری درامدات پر قابو پانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ملکی خسارے میں مزید اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے گذشتہ حکومت سے ملک میں معاشی بد حالی کے خاتمے اور مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کے حوالے سے بہت سی توقعات وابستہ کی تھیں۔

لیکن نتیجہ مایوس کن ہی رہا ہے۔ملک کی مجموعی اقتصادی حالت میں بہتری اور ایک اوسط شہری کی پریشانیوں میں کمی تو ایک طرف بلکہ اس کے برعکس مسائل میں اضافہ ہوتا رہا اور سارے دعوے دھوکہ ثابت ہوئے۔انھوں نے نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کے مسائل میں کمی ہو گی جبکہ حکومت کے ریونیو میں دس ارب روپے کی کمی آئے گی۔#/s#

مزید : کامرس