25 جولائی کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ دریا برد کردیں گے،رانا شرافت
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کی پی پی158سے پارٹی امیدوار رانا احسن شرافت نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ دریا برد کر دینا ہے۔ ہمارے قائد محمد نواز شریف کی کاوششوں اور شبانہ روز محنت کے نتیجے میں ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ ہو گیا۔ نوازشریف کے ساتھ جو ناانصافی کی گئی ہے اس کا جواب 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر دینا ہے، لیگی حکومت نے 5سال صرف عوام کی خدمت کی ہے لیگی حکومت نے 11ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں لیکن عمران خان نے کے پی کے میں کچھ نہیں کیا۔ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین اور کارکنوں کی نیب عدالتوں میں پیشیاں اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقے میں الیکشن مہم کے دوران کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں کیونکہ آج قومی خزانے کی پائی پائی امانت سمجھ کر ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے ایک طرف شفافیت، محنت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف افراتفری، لوٹ مار اور دشنام طرازی اورانتشار کی سیاست ہے۔