ہجرت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، پروفیسر ڈاکٹر اسلم صدیقی
لاہور (پ ر) ممتاز مذہبی سکالر مفسر قرآن پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمد اسلم صدیقی نے جامع مسجد حجاز گلبرگ میں درس قرآن کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپؐ نے ہمیشہ اہل ایمان کو ہجرت کی ترغیب دی اور فرمایا کہ تم ہجرت کرو کیونکہ ہجرت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو نہیں بخشے گا جو ہجرت کر سکتے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہجرت نہیں کی۔ اس لئے حضور نبی کریم ﷺ نے ہجرت کو ایمان کا حصہ قرار دیا۔ آپؐ نے انصار کی بجائے مہاجرین کو نوازا۔ انہیں بے شمار مراعات دیں، مال غنیمت میں سے حصہ دیا۔
آپؐ نے اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی۔
عدل و انصاف پر قائم معاشرہ قائم کیا۔ قرآن کریم نے زندگی کے تمام پہلوؤں کو بڑے احسن طریقے سے واضح کر دیا تاکہ دین میں کسی قسم کی کمی بیشی نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا آپؐ نے زندگی گزارنے کے تمام راستے متعین کر دیئے۔ اللہ کا قرآن ہمیں دیا۔ نیکی اور بدی بارے بتا دیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ اے لوگو اللہ تعالیٰ نے میری وجہ سے تمہیں نصرت عطا فرمائی ہے لہٰذا تم بدی کے راستے کو نہ اپناؤ، بدی کا راستہ شیطان کا راستہ ہے۔ آپؐ نے ہمیشہ انصاف پر مبنی فیصلے کئے۔