پاکستان سمیت دنیا بھر میں عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی منائی گئی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی منائی گئی

کراچی(این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والے عظیم شخصیت عبدالستار ایدھی کی اتوار8جولائی دوسری برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔متحدہ ہندوستان کے علاقے گجرات(بانٹوا)میں 1928 کو پیدا ہونے والے عبدالستار ایدھی تقسیم ہند کے بعد 1947 میں ہندوستان سے ہجرت کرکے پاکستان آگئے۔کراچی میں بسنے والے عبد الستار ایدھی نے بچپن سے ہی سے کڑے وقت کا سامنا کیا، انہوں نے کراچی کی سڑکوں پر اپنی ماں کے علاج کی غرض سے دردر کی ٹھوکریں کھائیں تاہم ماں کی نگہداشت کے لیے ایک بھی ادارہ نہ پایا تو سخت مایوسی میں مبتلا ہو گئے اور اکیلے ہی ماں کی نگہداشت میں دن ورات ایک کردیئے۔اسی ابتلا اور پریشانی کے دور میں انہیں ایک ایسے ادارے کے قیام کا خیال آیا جو بے کسوں اور لاچار مریضوں کی دیکھ بھال کرے، اپنے اسی خواب کی تعبیر کے لیے عبد الستارایدھی نے 1951 میں صرف پانچ ہزار روپے سے ایک کلینک کی بنیاد رکھی، یہ کلینک کراچی کے علاقے کھارادر میں کھولا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایسے کئی رفاحی کلینک کا جال پورے ملک میں پھیلا دیا۔دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسس بد سے بد ترین حالت میں بھی زخمیوں اور لاشوں کو اٹھانے سب سے پہلے پہنچ جاتی ہیں،میتوں کے سرد خانے اور غسل و تدفین کا ذمہ بھی اس محسن انسانیت نے اٹھایا اور تعفن زدہ لاشوں کو اپنے ہاتھوں سے غسل دینا شروع کیا ۔اپنی سماجی خدمات میں بے مثال عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہوکر 88 سال کی عمرمیں اس دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں گزشتہ سال مارچ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ان کے نام کا یادگاری سکہ جاری کیا تھا۔عبدالستارایدھی انسانیت کی خدمت کیلے بنائی گئی ایدھی فانڈیشن کے تاحیات صدر رہے۔ایدھی فاؤنڈیشن کی شاخیں تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔مرحوم عبدالستارایدھی کی بیوی بلقیس ایدھی اب ایدھی فاؤنڈیشن کی سربراہ ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے والدکے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔عبداالستارایدھی کی روح کے ایصال ثواب کیلے پاکستان بھر میں قائم ایدھی سینٹر میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیااور ان کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں ۔ عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے،آج کی ان کی دوسری برسی کے موقع پر ملک بھر میں فاتحہ خوانی کی گئی۔

ایدھی برسی

مزید : صفحہ آخر