ن لیگی خواتین کا کچہری چوک پر کفن پوش مظاہرہ،علامتی پھانسیاں

ن لیگی خواتین کا کچہری چوک پر کفن پوش مظاہرہ،علامتی پھانسیاں

ملتان(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے فیصلے کے خلاف ملتان میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا ‘مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سٹی صدر و سابق ایم پی اے سلطانہ شاہین کی قیادت میں خواتین کے کچہری چوک پر کفن پوش احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خواتین کارکنان نے علامتی پھانسیاں لیں ،فیصلے کے خلاف شدید نعرے لگائے اور سینہ کوبی کی نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی اور کچہری چوک کو بلاک کر دیا گیا احتجاجی مظاہرے میں ثروت خان، روبینہ شاہین، سکینہ بشیر، سہیلہ اقبال جانگلہ، فرزانہ کنول، کومل ،ثمینہ منیر، شبانہ خدا بخش، سکینہ بی بی، کنیز فاطمہ، زرینہ ظفر، خلیل بٹ، منظور کھوسہ، حنیف شاہد، ارشاد بی بی، نسرین اعجاز ودیگر نے شرکت کی اس موقع پر سلطانہ شاہین نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے تھے کہ نواز شریف اور مریم نواز جیلوں سے ڈرتے ہیں اب و ہ خود منتیں کر رہے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز واپس نہ آئیں ہم ڈیل کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن انتقامی فیصلے کروانے والے سن لیں کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز جمعہ کے دن اسلام آباد پہنچیں گے اور ان کا لاکھوں لوگ شاندار استقبال کریں گے انہوں نے کہا کہ انتقامی فیصلے کروانے والے پشیمان ہیں کہ انہوں نے غلط ٹائمنگ کا انتخاب کیا اب عوام شیر پر مہر لگا کر اس انتقام کا بدلہ لیں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں یونین کونسل 11کے چیئرمین چوہدری اسلم ہمایوں اور ملک انور علی کی قیادت میں حسن آباد چوک خانیوال روڈ پر قائد میاں نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر ) صفدر کی سزا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مسعود قریشی، ندیم سپل، ملک عبد الرحیم، مشتاق کھوکھر سمیت دیگر کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر چوہدری اسلم ہمایوں، ملک انور علی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ (ن) لیگ آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے جو قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے قائد میاں نواز شریف کو سی پیک بنانے کی سزا دی گئی ترقی و خوشحالی کے راستے کو روکنے اور جمہوریت کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

احتجاجی مظاہرے

مزید : کراچی صفحہ اول