جنوبی پنجاب میں بجلی کی شدید ٹرپنگ ، الیکٹرونکس آلات خراب ، صارفین کا برا حال

جنوبی پنجاب میں بجلی کی شدید ٹرپنگ ، الیکٹرونکس آلات خراب ، صارفین کا برا حال

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) ملتان سمیت میپکو ریجن میں شدید ٹرپنگ سے معمولات زندگی درہم برہم اور صارفین بے حال ہو کر رہ گئے۔بتایا گیا ہے کہ فیڈرز اوور لوڈ ہونے کے باعث گزشتہ روز ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید ٹرپنگ ہوئی(بقیہ نمبر22صفحہ12پر )

۔ بیشتر فیڈرز ہر گھنٹے بعد ٹرپ ہوتے رہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث بیسیوں صارفین کی الیکٹرانک اشیا جل گئیں جس کے باعث انہیں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا ٖپڑا۔صارفین نے صورتحال پر شدید احتجاج کیاہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے دعووں کے برعکس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔ اوپر سے وولٹیج کی کمی اور ٹرپنگ کے مسائل جینے نہیں دیتے۔ احتجاج کرکرکے تھک ہو چکے ہیں۔ ادھر میپکو کینٹ ڈویژن کے 5فیڈرز کئی گھنٹے بند رہنے سے بجلی صارفین عذاب میں آگئے۔ بتایا گیا ہے کہ اکبر روڈ فیڈر کی کیبل جل جانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ گرڈ اسٹیشن سے جناح ٹاؤن‘فورٹ کالونی ‘ علامہ اقبال اور قائد اعظم فیڈرز بھی بند کر دئیے گئے جس کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی۔اہل علاقہ عذاب میں آگئے جنہوں نے میپکو کے سب ڈویژنل دفاتر فون کئے تو پہلے تو عملے نے فون ہی اٹینڈ نہیں کئے ۔ بمشکل جن کے فون اٹینڈ کئے تو جواب دیا کہ گرڈ اسٹیشن سے بجلی بند کی گئی ہے ۔ وہاں سے ہی معلوم کریں ۔ کئی گھنٹوں کے بعد بجلی بحال ہو سکی۔ صارفین نے صورتحال پر شدید احتجاج کیاہے۔ دریں اثناء پاور ڈویژن کو بدترین مالی بحران کا سامنا‘ پی ایس او اور آئی پی پیز کو ادائیگیاں مشکل ہو گئیں۔ اس سلسلے میں پاور ڈویژن نے وزارت خزانہ سے درخواست کی ہے کہ پاور سیکٹر کے امور ومعاملات چلانے کیلئے 50 ارب روپے کا قرضہ فراہم کیا جائے۔ پاکستان سٹیٹ آئل ( پی ایس او) اور انڈی پینڈنٹ پاور پروڈیوسرز( آئی پی پیز) کو جزوی ادائیگی کے لئے رقم کی فوری ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ( ن) کی حکومت کے آخری ایام میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملکی بینکوں سے 50 ارب روپے کے قرضوں کے حصول کی منظوری دی تھی تاہم بینکوں نے قرضہ جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔ قرضہ کی رقم ملنے کی صورت میں پی ایس او اور آئی پی پیز کو ادائیگی کی جائے گی۔

شدید ٹرپنگ

مزید : ملتان صفحہ آخر