انتخابات میں متحدہ کے ہاتھ پیر باندھ دیئے گئے ہیں،عامر خان

انتخابات میں متحدہ کے ہاتھ پیر باندھ دیئے گئے ہیں،عامر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) 25جولائی کو ہونے والے الیکشن کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست نامزد امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلی کی جانب سے انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے ، انتخابی مہم میں حق پرست عوام ، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کررہے ہیں جس کے باعث شہر میں زبردست گہما گہمی دکھائی دے رہی ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے این اے 253کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار اسامہ قادری کی انتخابی مہم کیلئے نارتھ کراچی ٹان میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کیا ۔ این اے 254کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار شیخ صلاح الدین ، پی ایس 125کی نشست پرنامزد امیدوار عبد الحسیب اور پی ایس 126کی نشست پر امیدوار آصف علی خان نے فیڈرل بی ایریاکے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مارکیٹوں میں جاکر پمفلٹ تقسیم کئے جبکہ پی ایس 125کی نشست پر نامزد امیدوار عبد الحسیب نے انتخابی مہم کے سلسلے میں برنس روڈ اردو بازار میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا ۔ اسی طرح پی ایس 128کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار عباس جعفری نے اپنے حلقہ انتخاب کی یوسی50میں گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کیا اور اپیل کی کہ وہ 25جولائی کے دن حق پرست نامزد امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرائیں ۔ انتخابی مہم کے موقع پر اپنے خطاب میں سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کو انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ جس طرح کی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کو ہاتھ پاں باندھ کر کام کرنے کا موقع دیاجارہاہے جس مساوات کے اصولوں کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے حق پرست عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے حقوق کی جدوجہد میں ہم کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ، تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ایم کیوایم پاکستان کو موقع ملا اس نے عوام کی خدمت کے نئے باب رقم کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی وقت کے طالع آزماں نے نئے نئے ہمدرد کھڑے کردیئے ہیں اور دوسرے شہروں سے آکر کراچی کا دکھ درد بانٹنے کے دعوے کرنے والوں سے عوام یہ سوال کررہے ہیں کہ وہ چالیس برس تک کہاں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیوایم پاکستان کا خاصہ رہا ہے کہ حالات کچھ بھی ہوں وہ اپنے عوام کے ساتھ رہی ہے اور آج بھی ہم اپنے شاندار ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر انتخابات میں اترے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کو عوام پتنگ پر مہر لگا کر ان تمام افواہوں اور سازشوں کا جواب دیں گے جو ایم کیوایم پاکستان اور اس کے مینڈیٹ کے خلاف کی جارہی ہیں ۔نامزد حق پرست امیدواروں نے اپنے خطاب میں کہاکہ حق پرست عوام اور کارکنان ایم کیوایم پاکستان کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں لیکن ان کی بلاجواز گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں اور انہیں خوفزدہ کیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری انتخابی مہم پرامن اور جمہوری انداز میں جاری ہے لیکن ہمیں دیگر جماعتوں کی طرح اسپیس نہیں دیاجارہا ہے۔