سب ڈویژن بائیزئی میں پی ٹی آئی کا گرینڈ انتخابی جلسہ

سب ڈویژن بائیزئی میں پی ٹی آئی کا گرینڈ انتخابی جلسہ

ضلع مہمند (نمائندہ پاکستان ) ضلع مہمند، پاک افغان سرحدی سب ڈویژن بائیزئی میں پاکستان تحریک انصاف مہمند کا گرینڈ انتخابی جلسہ۔ گزشتہ ادوار میں منتخب نمائندوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے ہیں۔ اس لئے بائیزئی سب ڈویژن کا علاقہ 70 سال سے پسماندگی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دورِ جدید میں بھی یہ علاقہ بجلی جیسے نعمت سے محروم ہے۔اس علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔جس کیلئے عمران خان کے نظریے کو عملی جامہ پہنانہ ہوگا۔ علاقے کے مسائل کے حل کیلئے 25 جولائی کو پی ٹی آئی کے اُمیدوار کو ووٹ دیکر کامیاب بنائے۔ مقررین کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں پاک افغان سرحدی سب ڈویژن کے علاقہ شمشاہ میں پاکستان تحریک انصاف مہمند کا دس سال بعد ایک گرینڈ انتخابی جلسہ منعقد کیا گیا۔ جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان سمیت علاقے کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ این اے 42 پی ٹی آئی کے اُمیدوار ساجد خان مہمند، سجاد خان ، عامر اللہ جنیدی، ڈاکٹر صادق، ملک عبدالولی بابازئی، جنت گل، سرتاج ، غلام نور، بہادرشیر خویزئی، عمر سید و دیگر مقررین نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے یہاں کے عوام پسماندگی اور غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ جس کی طرف کسی نے بھی توجہ نہیں دی ہے۔ اس علاقے کے بچے سکول جانے کے بجائے دور دراز سے پینے کے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ اس دورِ جدید میں بھی یہاں کے عوام بجلی جیسے نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں منتخب نمائندوں نے علاقے کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورا نہیں کئے ہیں۔ اس لئے یہ لوگ زندگی کے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔اس علاقے کے لوگوں کو طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ ضلع مہمند میں امن و امان بحالی کے بعد اس علاقے میں یہ پہلا بڑا جلسہ ہے جس سے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بار پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ ہم وعدے نہیں کرتے بلکہ میرٹ کی بنیاد پر کام کرینگے۔ اور ہماری اولین ترجیح پاک افغان سرحدی سب ڈویژن کے پسماندہ علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہوگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر