حامد میر نے پرویز مشرف کے ٹھمکے لگانے کی ویڈیو شیئرکی تو مریم نواز میدان میں آگئیں، ایسی بات کہہ دی کہ آپ کی بھی حیرت کی انتہاء نہ رہے گی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) احتساب عدالت کی طرف سے شریف فیملی کو سزا ملنے کے بعد ایک مرتبہ پھر پرویز مشرف کے مقدمات کا بھی چرچا شروع ہوگیا لیکن جب حامد میر نے چند سال قبل پرویز مشرف کی بیرون ملک ڈانس کی ویڈیو شیئرکی تو اس ویڈیو کو شیئرکرنے کی مذمت کرتے ہوئے مریم نواز نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کی بھی حیرت کی انتہاء نہ رہے گی ۔
اپنے کالم میں حامد میر نے لکھا کہ ’ جب دبائو ڈالنے والوں کے احتساب کا وقت آیا اور پرویز مشرف کیخلاف آئین سے غداری کا مقدمہ شروع ہوا تو آپ نے ایک خاموش ڈیل کے ذریعہ مشرف کو پاکستان سے بھگا دیا اور ذمہ داری سپریم کورٹ پر ڈال دی۔ مشرف نے بیرون ملک جا کر ٹھمکے لگانے شروع کئے تو میں نے گستاخی کرتے ہوئے اُنکے ٹھمکوں کی ایک ویڈیو ٹویٹ کر دی۔
ستمبر 2016ء میں مریم نواز نے میری اس ٹویٹ کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مشرف کا ذاتی معاملہ ہے کیونکہ وہ جنرل راحیل شریف کو ناراض نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ آج وہ کہتی ہیں کہ مشرف بھاگ گیا ہمیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ مشرف بھاگا نہیں بھگایا گیا تھا۔ آپ نے بھگایا تھا۔ آپ کیساتھ ناانصافی کیخلاف ہم ضرور آواز بلند کرینگے لیکن آپ اپنی غلطیوں کا اعتراف کب کرینگے؟ نواز شریف کو سزا پر شکرانے کے نوافل ادا کرنیوالوں کا امتحان بھی شروع ہے۔ ان لوگوں نے عوام سے غلط بیانی بند نہ کی تو انکا انجام بھی دوسروں سے مختلف نہ ہو گا‘۔