بنوں، شمالی وزیرستان میں آزاد امیدوار کی جانب سے بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر تقسیم کئے جانے کا انکشاف
بنوں (ویب ڈیسک) شمالی وزیر ستان میں آزاد امیدوار کی جانب سے سرکاری بجلی کھمبے اور ٹرانسفارمر تقسیم کئے جا نے کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری اداروں کے ذریعے سے انتخابات سے قبل دھاندلی کی جا رہی ہے، جے یو آئی (س) شمالی وزیر ستان و فاٹا نے احتجاج کی دھمکی دے دی ۔
جمعیت علماءاسلام (س) آل فاٹا کے امیر مولانا عبدالحئی حقانی نے بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے این اے 48پر جے یو آئی (س) کا امیدوار ملک قسمت خان سب سے مضبوط امیدوار ہے مگر وزیرستان میں ایک آزاد امیدوار محمد اقبال کی جانب سے لوگوں میں سرکاری بجلی کھمبے اور ٹرانسفارمر ز تقسیم کئے جا رہے ہیں اور جلسہ جلوسوں میں باقاعدہ اعلانات کئے جا رہے ہیں کہ واپڈا کے ایکسئن اور ایس ڈی اوز سمیت سرکاری ادارے ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور 25جولائی کو ووٹوں سے بھرے بیلٹ باکس پولنگ بوتھوں میں پہنچیں گے جو کہ الیکشن سے پہلے سرکاری اداروں کے ذریعے دھاندلی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ امیدوار نے کھمبوں اور ٹرانسفارمر ز سے بھرے 2عددٹرک تحصیل رزمک اور تحصیل گڑیوم پہنچا دیئے ہیں جس کے ساتھ امیدوار کے بھائی کے تصاویر پر مشتمل ثبوت ہم نے حاصل کر لئے ہیں ۔
امیدوار کے ان اقدامات پر پولیٹیکل اور الیکشن کمیشن انتظامیہ مکمل طور پر خاموش بیٹھی ہوئی ہے اور ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی س خدمات کی بنیاد پر عوام میں مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے مگر مذکورہ امیدوار سرکاری اداروں کے ذریعے دھاندلی کاراستہ ہموار کر رہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان فوری طور پر ایکشن لیں اور مذکورہ امیدوار پر پابندی لگاکر دھاندلی روکنے کیلئے تحقیقات کرائیں بصورت دیگر شمالی وزیر ستان کے لاکھوں عوام سڑکوں پر نکلیں گے اس دوران کسی بھی نقصان کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔