حلقہ پی بی 51 گوادر سے آزاد امیدوار میر چاکر سنگھور بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی کے حق میں دستبردار ہوگئے
پسنی (ظریف بلوچ سے)حلقہ پی بی 51 گوادر سے صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار میر چاکر سنگھور بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں ۔اپنی رہائش گاہ میں میر حمل کلمتی اور سید معیارجان نوری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی کے حق میں دستبردار ہونے کے ساتھ ساتھ بی این پی کی حمایت کا اعلان کیاہے۔ اس موقع پر طارق رند، کہدہ علی،سید وقار جان نوری اور دیگر موجود تھے۔ میر چاکر سنگھور نے کہا کہ گوادر کے عوام کے بہتر مفاد کی خاطر میر حمل کلمتی کے حق میں دستبردار ہورہا ہوں۔ اس موقع پر حلقہ پی بی 51 گوادر سے بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی نے کہا کہ ہم ان قوتوں کے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں جن کا اس علاقہ اور سرزمین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میر چاکر سنگھور کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وطن دوستی اور قوم دوستی کا ثبوت دے کر ہمیں مضبوط کررہے ہیں۔ 25 جولائی سے پہلے گوادر کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ اس مرتبہ بی این پی جیت رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور وزارت میں سب سے زیادہ 476ٹرالرز پکڑ کر فشریز کو سب سے زیادہ ریونیو دلایا۔ ٹرالنگ کو روکنے کے لئے فشریز فورس بنائی اور علاقے کے سینکڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کیا۔جب پہلی مرتبہ مکران کو وزارت اعلٰیملی تو ہم مکران میں انقلابی ترقی کی توقع کررہے تھے۔ میرانی ڈیم سے گوادر پائپ لائنوں کی منظوری وزیراعظم سے کروائی مگر انہی قوتوں نے اسکو روک دیا ۔ ہمارا پلان ہے کہ ضلع گوادر کے عوام کو مفت ایجوکیشن اچھے تعلیمی اداروں میں فراہم کریں۔ اسکالرشپ دے کر انکو ملک اور بیرون ملک اچھے تعلیم دلوائیں۔