نوازشریف جانتے ہیں کہ رائیونڈ نہیں جانے دیا جائیگا، عمران خان جھوٹوں کا بادشاہ ہے :شہباز شریف کا چیئر مین تحریک انصاف کوسیاست چھوڑنے کا مشورہ

نوازشریف جانتے ہیں کہ رائیونڈ نہیں جانے دیا جائیگا، عمران خان جھوٹوں کا ...
نوازشریف جانتے ہیں کہ رائیونڈ نہیں جانے دیا جائیگا، عمران خان جھوٹوں کا بادشاہ ہے :شہباز شریف کا چیئر مین تحریک انصاف کوسیاست چھوڑنے کا مشورہ

  

ننکانہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اسی مٹی کا سپوت ہے ۔کارکن نواز شریف کا والہانہ استقبال کریں اور انتظامیہ کارکنوں کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالے ۔نوازشریف جانتے ہیں کہ رائیونڈ نہیں جانے دیا جائیگا بلکہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے لے جایا جائے گا ۔عمران خان جھوٹوں کا بادشاہ ہے ۔میرا مشورہ ہے کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر کسی حجرے میں بیٹھ کر اللہ اللہ کرے ۔

تفصیلات کے مطابق ننکانہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پانچ سال میں اتنے بجلی کے منصوبے دنیا کا ریکارڈ ہے ۔ دوسری جانب الزام خان نے 2013میں کہا تھا کہ میں پورے پاکستان کوبجلی مہیا کروں گااور ابھی چند ماہ قبل انہوں نے کہا کہ میں نے 72میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے ۔ پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب نتھیا گلی کے پہاڑوں پر چڑھ گئے اور بیان دیا کہ سردیاں آئیں گی اور ڈینگی ختم ہو جائے گا جبکہ ہم نے پنجاب سے ڈاکٹرزاور دوائیاں بھیجیں۔ ِانہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں اربوں روپے لگا کر یورپ کی طرح بہترین ڈی ایچ کیو زبنائے جبکہ خان صاحب نے کہا تھا کہ میں کے پی میں ہسپتال بناﺅں گا لیکن کچھ نہیں بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے خان صاحب پنجاب میں آﺅ میں بتاتا ہوں کہ ہم نے پنجاب میں کیا کیا ہے ۔

شہبازشریف نے کارکنوں سے کہا کہ نواز شریف 13جولائی کو لاہور ائر پورٹ پر اپنی صاحبزادی کے ساتھ تشریف لا رہے ہیں اور ان کی اہلیہ لندن میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں ۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کورائیونڈ نہیں جانے دیا جائیگا اور جیل کی سلاخوں کے پیچھے لے جایا جائیگا لیکن انہوں نے کہا کہ میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاﺅں گالیکن اپنے عوام کے ساتھ رہوں گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتہائی پرامن طریقے سے ان سے اظہار یکجہتی کریں لیکن توڑ پھوڑ نہیں کرنی ۔ میں انتظامیہ اور پولیس سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے جیالوں کو ائر پورٹ جانے دیں یہ کوئی توڑ پھوڑ نہیں کریں گے اور نواز شریف کا والہانہ استقبال کریں گے ۔ اس لئے ان کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ رحیم یار خان سے لیکر اٹک تک ترقیاتی منصوبوں کے لئے میں نے نواز شریف کی قیادت میں دن رات ایک کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے کو محلے کی چیئر مین شپ نہیں ملنی چاہئے اگر جھوٹے خان کو ووٹ دیا تو یہ پنجاب کا بھی وہی حشرکرے گا جو اس نے کے پی کے میں کیا ہے ۔اس نے جنگلا بس کے نام پر پشاور کو کھنڈر بنا دیاہے وہاں جنگلا بس نہیں آئی لیکن عوام کی بس کرادی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو نماز پڑھ کرشیر پر ٹھپے لگائے تو میرا وعدہ ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں ہندو ستان کو کئی محاذوں پر شکست دیکر پاکستان کو آگے لیکر جائیں گے ۔ پاکستان کو ملائیشااور ترکی کے ہم پلہ بنائیں گے ۔ پشاور ، کوئٹہ کراچی کو لاہور بنائیں گے اور پورے پاکستان کو پنجاب بنا کر چھوڑیں گے ۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی