حکومت زراعت پر ٹیکسز لگا کر کاشتکاروں کو زندہ درگور نہ کرے، میاں رشید
لاہور(لیڈی رپورٹر)کسان بورڈ لاہور ڈویژن کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ حکومت نے زراعت پر ٹیکسز لگا کر کاشتکاروں کو زندہ درگور کرنے کی پلاننگ بنا لی ہے ملک کی 70 فیصد عوام شعبہ زراعت سے منسلک ہے لیکن انتخابات میں انہیں سبز باغ دیکھا کر اسمبلیوں میں جانے والے عوامی نمائندے کاشتکاروں کے مسائل کی بات تک نہیں کرتے۔
یہی وجہ ہے کہ کاشتکاروں کی زندگی ابتر سے ابتر ہو رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے سرحدی علاقہ خواجہ فائق میں چوہدری عبدالحمید نمبردار کے ڈیرہ پر کسانوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو صحت، تعلیم، بجلی، پٹوار سرکل سمیت دیگر محکموں کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے کسان اس وقت فاقوں کی وجہ سے روڈوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہو چکے ہیں حکمران اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے۔
شعبہ زراعت کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں اس موقع پر میاں الیاس، چوہدری رمضان میؤ، چوہدری سرور نمبردار، بابا نصرالدین، چوہدری شیر علی، چوہدری اقبال، چوہدری طارق، سید عابد شاہ سمیت دیگر کسان بھی شریک تھے۔