سپورٹس فیسٹول بے ضابطگیاں، رانا مشہود نیب پیش، 22جولائی کو پھر طلب
لاہور (آن لائن) نیب لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور سابق صوبائی وزیر سپورٹس رانا مشہود کو 22 جولائی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ نیب لاہور کے طلب کرنے پر رانا مشہود پیر کے روز نیب کے روبرو پیش ہوئے۔ جہاں انہوں نے پنجاب سپورٹس فیسٹیول میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب کے سوالات کے جواب دیئے۔ رانا مشہود احمد تقریباً ایک گھنٹہ نیب ہیڈ کوارٹر میں موجود رہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب نے انہیں ایک سوالنامہ دیا ہے۔ جس کا وہ پہلے ہی جواب دے چکے ہیں۔ رانا مشہود کے مطابق تحقیقات کے دوران نیب نے سوال کیا کہ پنجاب سپورٹس فیسٹیول کا ویژن کس کا تھا۔ رانا مشہود نے جواب دیا کہ ویژن ان کا تھا۔ نیب نے مزید پوچھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کس کا کردار تھا۔ رانا مشہود احمد نے جواب دیا کہ یوتھ فیسٹیول میں میرے کردار کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ رانا مشہود کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکمرانوں کا احتساب نزدیک آ رہا ہے۔ یوتھ فیسٹیول میں سب کا کردار تھا، انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کہہ رہا ہے کہ (ن) لیگ میں فاروڈ بلاک بنایا جا رہا ہے جو ان کی خام خیالی ہے۔
رانا مشہود