ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے،عوام پرانے پاکستان کو ڈھونڈرہے ہیں،مسلم لیگ (ن)

        ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے،عوام پرانے پاکستان کو ڈھونڈرہے ہیں،مسلم ...

  

اٹک (آئی این پی) حکومت سب کو جیلوں میں ڈال دے تاہم خلق خدا کی آواز کیسے بند کروگے،کتنے شیروں کو جیلوں میں ڈالو گے، ہر گھر سے شیر نکلے گا، شیر کسی سے این آر او نہیں مانگتے،۔ اٹک میں ورکرز کنونشن سے مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال نے خطاب کیا ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے کہا سارے چور پی ٹی آئی میں جاکر بیٹھ گئے ہیں تاکہ گرفتاری سے بچ سکیں،نااہل. نالائق اور سلیکٹیڈ وزیر اعظم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ یہ ہیں وہ شیر جو گیدڑوں سے نہیں ڈرتے،2018 میں نااہلوں اور نالائقوں کو حکومت میں لانے کے لئے نواز شریف کو جیل میں ڈال دیا گیا،تم کتنے شیروں کو جیلوں میں بھیجو گے؟ یہاں ہر گھر سے شیر نکلے گا،کہتے ہیں کہ این آر او مانگ رہے ہیں. نیازی صاحب. شیروں کو این آراو کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا قصور ملک کو ایٹمی قوت بنانا اور سی پیک دینا ہے،نواز شریف کا قصور دس ہزار کلومیٹر کی سڑکوں کا جال بچھانا ہے،کل کی وڈیو دیکھی تھی سزا دینے والا خود نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی دے رہا تھا،بہت جلد نواز شریف جیل سے باہر ہوں گے،نیب کو پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے نہیں نظر نہیں آتے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ نوازشریف کی شیرنی سے ڈرتے ہیں، عمران صاحب نے علیمہ باجی اور جہانگیرترین کو این آر او دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دس ماہ میں بجلی، گیس سمیت ہر چیز مہنگی ہو گئی، نئے پاکستان کو لوگ بھول گئے، اب پرانے کو ڈھونڈ رہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم حالات ٹھیک نہیں کرسکتے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتنے وزیراعظم زندہ ہیں سب پر نیب کیسز ہیں، کیا یہ سب کرپٹ تھے۔ نوازشریف آئین کی پاسداری کیلئے سب سے آگے کھڑے ہیں، ملک میں انصاف نہیں ہو گا تو پھر کچھ نہیں ہو گا، آج بھی وقت ہے ملک کوآئین کے مطابق چلائیں، جس ملک میں آئین دب جائے وہ نہیں چلتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا ترقی کر رہی ہے، ہم پیچھے جا رہے ہیں۔ بجلی اورگیس مہنگی کر دی گئی، موجودہ بیروزگاری ابھی ابتدا ہے۔ عمران خان جتنی مرضی تختیاں لگا لیں، ہمارے منصوبے ختم نہیں ہوں گے، جس کرپٹ نے جان بچانی ہو پی ٹی آئی میں شامل ہوجائے۔ سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں نے سازش کی، عمران خان ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، ادب کیساتھ کہتا ہوں ملک صحیح سمت پر نہیں جا رہا۔ عمران نے لوگوں سے جھوٹ بولے، ایک سال میں 7 ہزار ارب کا قرض لیا۔ یہ قوم عمران خان آپ کو نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم سے 25 سال بعد بننے والا بنگلادیش آگے نکل گیا، پہلے یہ صورتحال نہیں تھی، اب اناڑی آ گیا ہے، اناڑی کو موٹرسائیکل دی جائے تو وہ دیوار میں ہی مارے گا۔ سی پیک منصوبہ ہمارے قائد کا پہلا گناہ تھا، ن لیگ کی حکومت پھر آ جاتی تو پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جاتا، سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر ہے۔

مسلم لیگ (ن)

مزید :

صفحہ آخر -