فریال تالپور کے جسمانے ریمانڈ میں 14روز کی توسیع، 22جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) احتساب عدالت نے جعلی اکاوَنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاوَنٹس کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا جبکہ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت سے قبل آصف زرداری اور فریال تالپور کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ۔ دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موَقف اختیار کیا کہ فریال تالپور صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں رہیں اس لیے ان سے ابھی تک تفتیش نہیں کی جا سکی ۔ نیب کے موَقف پر جج ارشد ملک نے سوال کیا کہ کیا ابھی سندھ اسمبلی کا اجلاس چل رہا ہے;238; جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اجلاس سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے عدالت سے کہا کہ فریال تالپور کو استثنیٰ دے دیا جائے اور میرا 90 روز کا ریمانڈ لے لیں ۔ سابق صدر کے موَقف پر جج ارشد ملک نے کہا کہ قانون میں ایسا ممکن نہیں جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ جناب جیسا آپ بہتر سمجھیں ۔ نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پر عدالت نے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی اور کیس کی مزید سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی ۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں نے آصف زرداری سے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق سوال کیے تاہم انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا ۔
جعلی اکاءونٹس کیس