شاہ سلمان کی طرف سے1000 فلسطینیوں کے لیے خصوصی حج کا اہتمام

شاہ سلمان کی طرف سے1000 فلسطینیوں کے لیے خصوصی حج کا اہتمام

  

ریاض (این این آئی)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیر سگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین کے حج کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔عرب ٹی وی کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے خصوصی حج پروگرام کے سیکرٹری جنرل اور وزیر مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبدالطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سنہ 1440ھ کے موسم حج کے موقع پر ایک ہزار فلسطینی شہداء اسیران کے اہل خانہ کو فریضہ حج ادا کرانے کا اہتمام کا حکم دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حسب روایت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کے لیے حج کے موقع پر سرکاری اخراجات پر حج کا اہتمام کریں۔عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے خصوصی حج اسکیم شروع کیے جانے کے بعد اب تک 17000 فلسطینی سعودی عرب کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کر چکے ہیں۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے حج امور کے عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ ان کے لیے بہترین رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔

مزید :

علاقائی -