مغوی بچی میرب کی بازیابی پراعلیٰ پولیس افسران کوآئی جی پنجاب کی مبارکباد
لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ امین پارک لاہور سے تاوان کیلئے اغوا ء ہونے والی بچی میرب کی بحفاظت بازیابی پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے سمیت پوری لاہور پولیس مبارک باد کی مستحق ہے جنہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال کو یقینی بناتے ہوئے بچی کو حافظ آباد سے بحفاظت بازیاب کرواکر والدین کے حوالے کردیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ میرب کے اغواء کا معاملہ پولیس کیلئے چیلنجنگ کیس تھا جسے ایس پی سی آئی اے عثمان اعجاز باجوہ اور انکی ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں ورک آؤٹ کرتے ہوئے نہ صرف کامیابی سے حل کیا بلکہ بچی بھی بغیر کوئی خراش آئے اس کے والدین کے حوالے کردی گئی۔آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ لاہورپولیس مستقبل میں بھی اسی پیشہ ورانہ مہارت سے کام کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کی فضا مزید مضبوط ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ دور حاضر میں جرائم پیشہ افراد جدید ٹیکنالوجی کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کر رہے ہیں جس سے پولیس فورس کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوگیا ہے لہذا پولیس افسران واہلکار بھی سمارٹ پولیسنگ کے اصولوں پر بہترین پرفارمنس سے مجرمان کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے عوام کے تحفظ اور خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آ فس میں میرب کو بحفاظت بازیاب کروانے والی پولیس ٹیم کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں آئی جی پنجاب نے مجموعی طور پر 13افسران وا ہلکاروں ڈی ایس پی محمد عثمان حیدر، انسپکٹر محمد اشفاق بٹ، انسپکٹر سجوار طارق، سب انسپکٹروسیم اکرم، سب انسپکٹرعبدالوہاب، ٹی ایس آئی شاہ پر شہباز، ٹی ایس آئی عبدالمنان افتخار، ایس آئی عامر شہزاد، اے ایس آئی نعیم شہزاد،حسین فاروق ایس آئی اے ایس آئی مقبول احمد، محمد شہباز علی اور منور علی کو تعریفی اسناد اورمجموعی طور پردو لاکھ اسی ہزار روپے کے کیش انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے ایس پی سی آئی اے عثمان اعجازباجوہ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے ٹیم نے پروفیشنل انداز میں تفتیش کرتے ہوئے ایک مشکل کیس کو مختصر وقت میں حل کرتے ہوئے بچی کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایاجو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے جا ن و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کی تمام فارمیشنز آپس میں کلوزکوارڈی نیشن رکھیں اور خلوص نیت اور صدق دل سے کام کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصرکی سرکوبی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محنتی، فرض شناس اور قابل افسران وا ہلکار محکمے کا قابل قدر سرمایہ ہیں اور انکی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے سمیت دیگر افسران موجود تھے۔