حکومت ملک کو درپیش معاشی مسائل سے نجات دلانے میں کامیاب ہو گی : افتخار علی ملک

  حکومت ملک کو درپیش معاشی مسائل سے نجات دلانے میں کامیاب ہو گی : افتخار علی ...

  

لاہور( نیوز رپورٹر) تاجربرادری نے ملک بھر میں دستاویزی معیشت کو فروغ دینے ور بے نامی اثاثوں کے خلاف حکومتی اقدامات کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیاہے ۔ پاک یوایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین وریوناءٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چئیرمین افتخارعلی ملک نے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ملک بھر کی تاجربرادری نے وزیراعظم عمران خان کی متحرک اورباصلاحیت قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے، تاجراورصنعت کار برادری کو یقین اوراعتماد ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو درپیش معاشی مسائل سے نجات دلانے میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اثاثوں کوظاہرکرنے کی سکیم پر عوامی ردعمل مثبت تھا، ماضی کے برعکس اس سکیم سے ایک لاکھ 37 ہزار شہریوں نے استفادہ کیا اور70 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع ہوئے ، اس سکیم سے معیشت کودستاویزی بنانے میں مدد ملے گی جبکہ معیشت مضبوط بنیادوں پراستوارہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیاء کا چھٹا بڑا ملک ہے جبکہ ملکی آبادی کے تناسب سے ٹیکس دہندگان کی تعداد کم ہے، ایک فیصد پاکستانی 220 ملین کی آبادی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں ، ضرورت اس امرکی ہے کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے کیونکہ ٹیکس کے بغیرکوئی بھی ملک اپنے عوام کی خدمت نہیں کرسکتا ۔ افتخارعلی ملک نے بتایا کہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات ضروری ہے کیونکہ صرف اسی صورت میں پاکستان بیرونی قرضوں پرانحصارکم کرسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی محصولات میں اضافہ کیلئے ایف بی آر اورتاجر برادری ایک صفحہ پرہے، تاجروں اوربزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ اورٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے چئیرمین ایف بی آر سید شبرزیدی کے اقدامات قابل تعریف ہیں ، تاجر برادری ٹیکس نیٹ میں اضافہ اوربے نامی اثاثوں کے خلاف کریک ڈاون میں حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون کرے گی ۔ افتخارعلی ملک نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان، مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورعبدالرزاق داود سے ملاقاتوں میں انہیں تاجربرادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیاہے، وزیراعظم اورمشیروں نے تاجر برادری کودرپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

مزید :

کامرس -