مکی آرتھر اور کتنے سال قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہیں گے؟ وہ خبر آ گئی جس کا سب پاکستانی انتظار کر رہے تھے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں ایک سال توسیع کئے جانے کا امکان ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور مکی آرتھر کے درمیان لندن میں پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے گھر ایک ملاقات ہوئی تھی جس دوران مکی آرتھر نے قومی ٹیم کیساتھ گزارے تین سالوں کے دوران اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ان کے دور میں پاکستان ٹیم نے ناصرف چیمپینز ٹرافی جیتی بلکہ ٹی 20 کرکٹ میں آئی سی سی کی ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فوری طور پر اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا کیونکہ منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی زیر صدارت کرکٹ کمیٹی نے جولائی کے آخری ہفتے میں کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور سلیکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کوچنگ سٹاف، ٹیم انتظامیہ اور ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی کرنے سے پہلے ہر ایک کا موقف سنا جائے گا۔