بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا پہلاسیمی فائنل بارش کے باعث معطل ،اب اس میچ کا فیصلہ کیسے ہوگا ؟کرکٹ مداحوں کے لیے بڑی خبر آگئی
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کا نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث معطل ہو گیا۔نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث روک دیا گیاتھا تاہم کافی دیر تک بارش ہوتی رہی جس کے باعث گراﺅنڈ میں پانی بھر گیا اور بارش رکنے پر بھی میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا ۔نیوزی لینڈ نے 46.1اوورزمیں 5وکٹوں کے نقصان پر 211رنز بنا ئے تھے جب بارش کے باعث میچ روکا گیا ،اب یہ میچ کل دوبارہ اسی نقطے سے شروع ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا مگر اوپنرز عمدہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف ایک کے مجموعی سکور پر ہی مارٹن گپٹل 1 سکور بنا کر جسپریت بمرا کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 69 کے مجموعی سکور پر گری جب ہینری نکولس 28 رنز بنا کر رویندرا جدیجہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔کین ولیمسن 67سکور بنا کر چہل کی گیندپر آوٹ ہوئے ۔نیشم 12سکور بنا کر کارتک کی گیند پر آوٹ ہوئے اور گرینڈ ہوم 16سکور بنا کر بھویشنر کمار کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔