حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانی باپ پر بیٹوں کا بدترین تشدد
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ میں پیسوں اور جائیداد کے لالچی بیٹوں نے اپنے باپ کو ایسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا کہ سن کر انسان کانپ اٹھے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ سندھ کے شہر مورو کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں بیٹوں نے جائیداد پر قبضہ کر لیا اور حج پر جانے کے لیے جمع کی ہوئی رقم بھی حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم جب باپ نے مزاحمت کی تو اسے مارمار کر لہولہان کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس لہومیں نہائے عمررسیدہ شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ زمین پر خون میں تربتر بیٹھا ہوتا ہے اور اس کے بیٹے اردگرد کھڑے اسے گالیاں دے رہے ہوتے ہیں۔ پولیس نے اس بدقسمت شخص کے درندہ صفت بیٹوں کو گرفتار کر لیا ہے اور اسے نوابشاہ کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ سوشل میڈیا صارفین ان شخص کے تینوں بدبخت بیٹوں کو کڑی سے کڑی سزا دے کر نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔