کورونا کے باعث بند تعلیمی اداروں کو ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی وبا کورونا کے باعث بند تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے تجویز پر اتفاق کرلیا۔نجی نیوز چینل جیو کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری این سی او سی سے لی جائے گی۔ تمام وزرائے تعلیم نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق کرلیا، تمام وزرائے تعلیم ستمبر سے قبل 2 مزید اجلاس بلانے پر متفق ہوگئے۔تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے ساتھ امتحانات لینے کی بھی اجازت ہوگی۔