پہلی جماعت سے ہی قرآن و حدیث کی تعلیم لازمی قرار دی جائے،صہیب شریف

پہلی جماعت سے ہی قرآن و حدیث کی تعلیم لازمی قرار دی جائے،صہیب شریف

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ لاہورکے صدر میاں صہیب شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پب جی پر وقتی پابندی تو لگائی ہے لیکن اس پر اور اس جیسی دوسری گیموں پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ تعلیمی اداروں میں دینی تعلیم کا فقدان ہے حکومت پاکستان پہلی جماعت سے ہی نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث کی تعلیم کو لازمی قرار دے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی سے جے آئی یوتھ اور مقامی یونیورسٹی کے طلباء کے وفد کی سربراہی میں ملاقات کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حافظ عبدالرحمان، احمد فوزان، علینہ ارشد،انیب اشتیاق، رانا احتشام ودیگر شامل تھے۔

میاں صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نے سفید پوش طبقہ کا سرا بھرم ختم کرکے رکھ دیا ہے۔

ملک میں کئی ماہ سے لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے غریب، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ پس کر رہ گیاہے۔ہر شخص جب اس وبا سے بچنے کیلئے گھروں میں محصور تھا،ہمارے ڈاکٹرز اور پولیس اہلکار اپنی جانوں کی پراوہ کئے بغیر اپنے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیتے رہے۔ہم ان کی خدمات کا اعتراف اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ کے صدر صہیب شریف کی قیادت میں آنے والے وفد نے ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی کو کورونا وبا میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اہلکاروں کے لئے تحائف بھی ان کے حوالے کئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -