لینڈ ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹر ائز کرنے کیلئے عملی اقدامات ناگزیر،مقصود انور پرویز

  لینڈ ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹر ائز کرنے کیلئے عملی اقدامات ناگزیر،مقصود ...

  

پشاور (سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے کہا ہے کہ موجودہ خیبر پختونخواکی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے تحت صوبہ بھر میں لینڈ ریونیو ریکارڈز کو کمپیوٹرائز کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ گذشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے فروغ کو اولین ترجیحات میں شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے تاہم صدیوں پرانی پٹواری نظام کی وجہ سے لوگوں کو جائیدادوں کی انتقالات کرنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پٹواری سسٹم میں کرپشن اور اقرباء پروری کا عنصر شامل ہے جوکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کرپشن فری پاکستان ویژن کی نفی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن‘ اقرباء پروری اور خود ساختہ قانون کا خاتمہ لینڈ ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزاڈ کرنے ہی سے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبہ میں ترجیحات میں شامل کرنا قابل تعریف ہے لیکن اس تعمیراتی شعبہ سے وابستہ دیگر انڈسٹریز کے مسائل و مشکلات کے حل و ازالہ کے لئے بھی عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جائیدادوں کے انتقالات کے نظام میں جدت لائی جائے اور ڈیجیٹلائزیشن کے تحت منقول و غیر منقول جائیدادوں کی منتقلی کے عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر بلدیات کامران بنگش کی جانب سے محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اقدامات کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ بھر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے پیروی کرتے ہوئے لینڈ ریونیو ریکارڈ کو فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ عوام کو جائیدادوں کی منتقلی میں درپیش مشکلات و مسائل کو ختم کیا جائے اور پٹواری نظام کی بیخ کنی کرکے کرپشن اور اقرباء پروری کو مکمل طور پر تدارک بھی کیا جاسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -