شہید ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال کی نماز جنازہ ادا

  شہید ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال کی نماز جنازہ ادا

  

صوابی (بیورورپورٹ)شہید ڈی ایس پی رزڑ صوابی علامہ اقبال کی نماز جنازہ آج پولیس لائن صوابی میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنااللہ عباسی، اعلی پولیس و سول حکام، صوبائی اسمبلی کے ارکان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہید کے تابوت پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے شہید کے تابوت کو سلامی پیش کی۔تفصیلات کے مطابق آج صبح جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مقابلہ میں ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید اور دوپولیس اہلکارمحمد فیصل خان اور محمد طیب زخمی ہوئے۔ شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ شاہ منصور پولیس لائن صوابی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنااللہ عباسی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دلیر اور بہادر افسروں اور جوانوں کی فورس ہے۔ جنہوں نے ملک و قوم کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں خیبر پختونخوا کی نڈر اور بہادر فورس کا کمانڈر ہوں۔ انہوں نے ڈی ایس علامہ اقبال شہید کے ایصال ثواب کے لیے دعا مانگی۔ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ان کی بہترین طبی امداد کو یقینی بنایا جائے اور کہا کہ زخمی جوان پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -