ضم شدہ اضلاع کے ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تشکیل کے احکامات
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے ضم شدہ اضلاع کی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔فیصلے کے تحت نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین صوبائی وزیر تعلیم ہوں گے۔جبکہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے نیو سکولز پروگرام اور ایجوکیشن واؤچر سکیم بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔جبکہ قبائلی اضلاع میں ایمرجنسی بنیادوں پر تعلیمی اصلاحات لانے کے لیے میگا پراجیکٹس بھی شروع کی جائیں گی۔یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان کی زیر صدارت مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے جائزہ اجلاس میں ہوئے۔ سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چودھری، مینیجنگ ڈائریکٹر ضم اضلاع ایجوکیشن فاؤنڈیشن محمد رمضان اور محکمہ تعلیم کے دیگر آفسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز بھی اگلے اجلاس میں شرکت کریں گے اور ان کے مسائل بھی سنے جائیں اور ان کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔اس طرح مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اگلے اجلاس میں تعلیم میں کام کرنے والے ڈونرز اور دیگر اداروں کو بھی بلایا جائے گا۔اکبر ایوب خان نے کہا کہ واؤچر سکیم کے حوالے سے ڈیجیٹل لائحہ عمل کو بھی ختمی شکل دی جائے اور اگلے جائزہ اجلاس میں اس پر بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے بعد ریگولر بنیادوں پر ماہانہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔