بارشوں نے بلدیاتی اداروں کی نااہلی عیاں کردی،محمد فیصل

بارشوں نے بلدیاتی اداروں کی نااہلی عیاں کردی،محمد فیصل

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے کہا ہے کہ شہرقائد میں مون سون کی پہلی بارش نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔نالوں کی صفائی کا کام بروقت مکمل نہیں ہوا تو شہرکو ایک مرتبہ اربن فلڈنگ کا سامنا ہوسکتا ہے۔تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کی بجائے شہریوں کو برسات کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے اقدامات کریں۔بدھ کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے کئی روز قبل ہی شہر میں مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی جس کے بعد یہ ضروری ہوگیا تھا کہ شہر کے بڑے نالوں کی فوری صفائی ستھرائی کا کام مکمل کیا جاتا لیکن صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کیے رکھی اور بارش کی پہلی بوند گرتے ہی ان اداروں کی نااہلی کا پول کھل گیا۔انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی بارش سے شہر دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔اگر بارشوں کا سلسلہ طویل ہوگیا تو صورت حال کسی کے ہاتھ میں نہیں رہے گی۔اس لیے فوری طور پر سیاست کو ایک جانب سے رکھتے ہوئے بارشوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ باران رحمت شہریوں کے لیے زحمت نہ بنے۔

مزید :

صفحہ آخر -