اقلیتوں کا تحفظ ضروری، بیت المال سے مندر تعمیر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں: مولانا اکبر چترالی 

اقلیتوں کا تحفظ ضروری، بیت المال سے مندر تعمیر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں: ...

  

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ن کے ممبرقومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہندوستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر گزشتہ ایک سال سے شدید ظلم ہورہا ہے، ہمارے ملک میں اقلیتوں کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے،اقلیتوں کا ہمارے ملک میں غیر محفوظ ہونا شرم کی بات ہے،یہ ہمارا فرض ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو محفوظ بنائیں۔ بدھ کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مسلمانوں کی حکومت میں 1400 سالہ تاریخ میں اقلیتیں کبھی غیر محفوظ نہیں ہوئیں۔ پاکستان میں 60 کی دہائی میں برداشت اور یگانگت تھی۔ میں نے امریکہ میں عید کی نماز ایک گرجا میں ادا کی تھی۔کسی مذہب کو کسی دوسرے مذہب پر فوقیت حاصل نہیں۔ یہاں قائداعظم کو کافر اعظم کہا گیا تھا، بانی پاکستان کیخلاف تحریک چلائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے مطالبہ کی حمایت کرتا ہوں،اقلیتی برادری کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کا تصور نہیں ہے، اسلام تمام مذاہب سے محبت کا درس دیتا ہے۔اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک پیغمبر کا منکر بھی مسلمان نہیں ہوسکتا۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی امن ومحبت کا درس دیا۔ ا سلام آباد میں جو نئے مندر کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے،بیت المال سے تو اس کا تصور بھی موجود نہیں ہے۔وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اقلیتوں کا مذاق اڑانا اور عبادت گاہوں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں ہماری حکومت قائداعظم کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے ہم نے یورپی یونین کو مساجد بند کرنے اور حجاب پر پابندی کیخلاف بات کی ہے۔ہمیں اپنے رویے سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم مودی جیسے نہیں ہیں۔

مولانا اکبر چترالی

مزید :

صفحہ اول -